پاکستان: خصوصی ایلچی عراق روانہ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عراق میں پاکستانی سفارتخانے کے اغوا ہونے والے اہلکار ملک محمد جاوید کی رہائی کے لیے حکومت نے خصوصی ایلچی بغداد روانہ کیا ہے۔ ملک جاوید بغداد سے سنیچر کو لاپتہ ہو گئے تھے۔ عمر بن خطاب نامی ایک تنظیم نے ان کو اغوا کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پاکستان کی حکومت کا خیال ہے کہ ملک جاوید کو تاوان کے لیے اغوا کیا گیا ہے۔ حالیہ ایک سال کے دوران عراق میں تقریباً ایک سو پچاس افراد کو اغوا کیا گیا جن میں سے چند کو ہلاک بھی کر دیا گیا۔ عراق بھیجے جانے والے خصوصی ایلچی احسان اللہ خان کو عراقی حکام اور ضرورت پڑنے پر اغوا کرنے والوں سے بھی بات چیت کا اختیار دیا گیا ہے۔ پاکستانی حکام عراق میں علماء کی ایک تنظیم عراقی اسلامی جماعت سے بھی اس امید سے رابطے میں ہے کہ وہ اغوا کرنے والوں پر کوئی اثر و رسوخ استعمال کر سکیں گے۔ پاکستان کی حکومت کا اندازہ ہے کہ ملک محمد جاوید فی الحال خیریت سے ہیں۔ وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملک جاوید کو عراق میں پاکستانی سفارتخانے کے سربراہ کے ساتھ کئی بار بات کرنے دی گئی ہے۔ آخری بار ان اتوار کی رات کو بات ہوئی تھی۔ گزشتہ سال جولائی میں بھی پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو عراق میں اغوا کر کے ہلاک کر دیا گیا تھا۔ اسی مہینے اغوا ہونے والے ایک پاکستانی کو رہا کر دیا گیا تھا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||