امریکی اداکار پاکستانی جیل سے رہا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکی اداکار ایرک اینتھونی آڈ جنہیں دوسال قبل افیون رکھنے کے جرم میں سزا دی گئی تھی آج راولپنڈی جیل سے رہا ہوگئے۔ کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والےایرک انتھونی کو فروری دو ہزار دو میں اسلام آباد ائیرپورٹ سے اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ دبئی کے لیے روانہ ہو رہے تھے۔ انہیں سات سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ ایرک نے فلم ’ڈُوڈ‘ اور ’ویر از مائی کار‘ نامی فلموں میں کام کیا تھا۔ ان کے بقول انہیں اس بات کا علم نہیں تھا کہ ان کے سامان میں افیون پڑی ہوئی تھی۔ امریکی ریاست نیومیکسیکو کے گورنر بِل رچرڈسن نے ایرک انتھونی کی رہائی کی اپیل کی تھی۔ اگرچہ ایرک کے سامان میں سے تین کلوگرام سے زائد افیون برآمد ہوئی تھی لیکن انہوں نے ہمیشہ اس سلسلہ میں خود کو بےگناہ قرار دیا ہے۔ اڈیالہ جیل راولپنڈی کے ایک افسر نے ایرک کی رہائی کے بارے میں کہا ’ ہم نے ایرک کو عدالت سے نئے احکامات آنے پر رہا کیا ہے‘۔ تاہم ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ آیا ایرک پاکستان چھوڑ گئے ہیں یا نہیں۔ گورنر بِل رچرڈسن نے کہا کہ انہوں نے اس مقدمہ میں اس لیے مداخلت کی کیونکہ اس میں سراسر بے انصافی ہوئی تھی۔ انہوں نے ایرک اینتھونی کی ماں سے ملاقات کے بعد وزیرِ اعظم شوکت عزیز سےان کی رہائی کی اپیل کی تھی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||