’لگان‘ کا بیٹ ساٹھ لاکھ میں نیلام | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت کے معروف اداکار عامر خان نے فلم لگان میں استعمال کیے جانے والا بیٹ لاہور میں ساٹھ لاکھ روپے میں نیلام کردیا ہے۔ نیلامی سے ملنے والی یہ رقم سابق کرکٹر عمران خان کے ہسپتال شوکت خانم میموریل ہسپتال کو عطیہ کے طور پر دیدی جاۓ گی۔ عامر خان ان دنوں عمران خان کی دعوت پر پاکستان کا چار روز کے دورے پر ہیں۔ عامر خان نے لاہور اور کراچی میں شوکت خانم میموریل ہسپتال کے لیے دو تقریبات میں شرکت کی اور اس دوران لوگوں نے ان کےکہنے پر مجموعی طور پر ساڑھے نو کروڑ روپے کے عطیات دینے کا اعلان کیا ہے۔ لاہور میں سنیچر کی شب انہوں نے شوکت خانم میمریل ہسپتال کا دورہ کیا اور اس کی مختلف وارڈوں میں داخل مریضوں سے ملاقات کی اس دوران کئی مریض بچوں نے ان کی نوکیلی مونچھوں اور لمبے بالوں کے باوجود انہیں شناخت کر لیا اور خوش ہو کر ان سے ہاتھ ملاۓ۔ عامر خان نے ہسپتال کے چیرٹی شو میں بھی شرکت کی اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتےہوۓ کہا کہ جب عمران خان نے انہیں لاہور آنے کی دعوت دی تھی تو ساتھ ہی یہ بھی کہا تھا کہ اپنے ساتھ کوئی قیمتی چیز بھی لیتا آؤں۔ عامر خان نے کہا کہ ان کے نزدیک فلم لگان میں استعمال ہونے والا ان کا کرکٹ بیٹ ہی ان کے نزدیک سب سے قیمتی تھا اس لیے انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ یہ بیٹ ساتھ لیتے آئیں۔ اس بیٹ پر انہوں نے دستخط بھی کیے ہوۓ تھے اور اس بیٹ کی بولی پچاس ہزار سے شروع ہوئی اور ساٹھ لاکھ پر ختم ہوئی۔ یہ بیٹ ایک تعمیراتی کمپنی کے مالک نے خریدا ہے ۔فلم لگان میں دکھایا گیا تھا کہ عامر خان نے دھوبی کے ڈنڈے سے ملتے جلتے اس بیٹ سے چھکا مار کے اپنے گاؤں کے لوگوں کو لگان سے بچالیا تھا۔ عامر خان نے کہاکہ وہ عمران خان کے ہسپتال اور ان کے انسانیت کی خدمت کے جذبے سے بے حد متاثر ہوۓ ہیں وہ ان کے کہنے پر شوکت خانم ہسپتال کے لیے عطیات اکھٹا کرنے کے لیے دنیا کے کسی بھی ملک میں جانے کو تیار ہیں۔ شوکت خانم میموریل ہسپتال کے ترجمان خواجہ نذیر نے بتایاکہ لاہور میں سنیچر کی رات ساڑھے تین کروڑ روپے کے عطیات کا اعلان ہوا تھا اور کراچی میں شوکت خانم میموریل ہسپتال کے زیر اہتمام ہونے والی تقریب میں چھ کروڑ روپے کے عطیات کا اعلان ہوا ہے۔ عامر خان نے لاہور اور کراچی کے مختلف علاقوں کی سیر بھی کی اور اپنے عزیز واقارب سے ملاقاتیں بھی کیں۔ عامر خان منگل کو کراچی سے ہی بذریعہ ہوائی جہاز واپس بھارت لوٹ جائیں گے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||