بلدیاتی نظام ایک پر مراعات مختلف | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے چاروں صوبوں میں بلدیاتی نظام کا قانون تو ایک جیسا ہی نافذ ہے لیکن ضلع، تحصیل اور یونین ناظمین اور نائب ناظمین کے مالی مراعات ایک صوبے کی دوسرے صوبے سے خاصے مختلف ہیں۔ ماہانہ اعزازیہ صوبہ سندھ کے ضلع ناظمین کا دیگر صوبوں سے زیادہ ہے جبکہ ماہانہ دیگر مراعات پنجاب کے ضلعی ناظمین کا باقی صوبوں کے ناظمین سے خاصے زیادہ ہیں۔ حکومت اس کی وجہ یہ بتاتی ہے کہ یہ صوبائی حکومتوں کا اختیار ہے کہ وہ ناظمین اور نائب ناظمین کے ماہانہ اعزازیہ، سفری اور روزانہ الاؤنس سمیت مختلف الاؤنسز کا تعین کرے۔ جمعرات کے روز سینیٹ کے اجلاس میں وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر شیر افگن نیازی کی طرف سے پیش کی گئی معلومات کے مطابق پنجاب کے ضلع ناظم کو پندرہ ہزار ماہانہ اعزازیہ، کار بمع ڈرائیور، اکانومی کلاس میں فضائی سفر، دوروں کے دوران سرکاری رہائش ملنے کی صورت میں پانچ سو روپے یومیہ الاؤنس اور بصورت دیگر پندرہ سو روپے یومیہ ادا کیے جاتے ہیں۔ پنجاب کے ضلع ناظمین کو بمع اہل خانہ، گریڈ بیس یا اکیس کےافسران کے برابر سرکاری ہسپتالوں میں مفت طبی سہولت حاصل ہے۔ ضلع ناظم کو دو ہزار روپے ماہانہ’انٹرٹینمینٹ الاؤنس، کے مد میں بھی ملتے ہیں۔ جبکہ اس مد میں نائب ضلع ناظم کو کچھ نہیں ملتا۔ لاہور، گجرانوالہ، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، بھاولپور اور ڈیرہ غازی خان کے ضلع ناظمین کو ماہانہ تیس ہزار رہائشی الاؤنس جبکہ صوبہ پنجاب کے دیگر اضلاع کے ناظمین کو بیس ہزار روپے اس مد میں ادا کیے جاتے ہیں۔ پنجاب میں ضلع ناظم کے دفتری فون کے اخراجات کی کوئی حد نہیں البتہ گھر کے فون کا بل پندرہ سو روپے ماہانہ دیا جاتا ہے۔ جبکہ نائب ضلع ناظم کو دس ہزار ماہانہ اعزازیہ اور آٹھ سو روپے ماہانہ گھریلو فون کے بل کے مد میں ملتے ہیں۔ جبکہ سرکاری گاڑی ایک ہزار سی سی تک ضلع ناظم کی اجازت سے نائب ناظم کو فراہم کی جاسکتی ہے، لیکن انہیں رہائشی الاؤنس نہیں ملتا۔ پنجاب میں تحصیل یا ٹاؤن ناظم کو آٹھ ہزار ماہانہ اعزازیہ، سرکاری کام کی صورت میں گاڑی کی سہولت، دورے کے دوران سرکاری رہائش کی صورت میں چار سو روپے یومیہ اور بصورت دیگر بارہ سو روپے ملتے ہیں۔ جبکہ دفتر میں لامحدود فون بل اور گھر میں چھ سو کالیں مفت کرنے کی سہولت حاصل ہے۔ صوبہ پنجاب کے تحصیل یا ٹاؤن نائب ناظم کو پانچ ہزار روپے یومیہ اعزازیہ اور دفتر میں پانچ سو مفت فون کالز کی سہولت ہے۔ اس صوبے میں یونین کونسل کے ناظم کو تین ہزار اور نائب ناظم کو دو ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ، سرکاری گاڑی یا موٹر سائیکل اور لامحدود فون یا ایک سو مفت موبائیل فون کالز کرنے کی سہولتیں دی گئی ہیں۔ پنجاب میں ضلع، تحصیل اور یونین کونسلوں کے اراکین کو کوئی اعزازیہ نہیں ملتا۔ سندھ ضلع ناظم کو دفتر میں دو اور رہائش پر ایک فون جبکہ نائب ضلع ناظم کو پندرہ ہزار ماہانہ اعزازیہ، انیس گریڈ کے برابر سفری اور یومیہ الاؤنس اور دفتر میں ایک فون کی سہولت حاصل ہے۔ ضلع نائب ناظم کو گاڑی، طبی اور رہائش کی سہولت حاصل نہیں۔ سٹی ناظم (کراچی) کا ماہانہ اعزازیہ پچیس ہزار، سفری اور یومیہ الاؤنس اور دیگر سہولتیں گریڈ اکیس کے افسر کے مساوی حاصل ہیں۔ جبکہ نائب سٹی ناظم کو بیس ہزار اعزازیہ اور دیگر سہولتیں گریڈ بیس کے افسر کے برابر ملتی ہیں۔ صوبہ سندھ کے تحصیل یا ٹاؤن ناظم کو پندرہ ہزار ماہانہ اعزازیہ، گاڑی، ایک فون، اور گریڈ اٹھارہ کے برابر سفری اور یومیہ الاؤنس دیے جاتے ہیں۔ جبکہ نائب تحصیل یا ٹاؤن ناظم کو اعزازیہ صرف پانچ سو روپے اور ایک فون کی سہولت حاصل ہے۔ کراچی کے یونین ناظم کو تین ہزار ماہانہ اعزازیہ اور گریڈ سترہ کے برابر سفری اور یومیہ الاؤنس جبکہ نائب ناظم کو صرف دو ہزار روپے اعزازیہ ملتا ہے۔ ضلع کونسل کے ارکان کو سات ہزار روپے اعزازیہ جبکہ اجلاس میں شرکت کے دوران تین سو سے دو سو روپے یومیہ الاؤنس ملتا ہے۔ سرحد ناظم کو پندرہ ہزار روپے دفتری فون اور گھر پر پندرہ سو مفت فون کالز کی سہولت حاصل ہے۔نائب ضلع ناظم کو دس ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ اور پندرہ سو مفت فون کالز کی سہولت حاصل ہو ہے۔ صوبہ سرحد کے تحصیل یا ٹاؤن ناظم کو دس ہزار اعزازیہ، دفتری فون پر دو ہزار اور رہائشی فون پر ساڑھے سات سو کالز مفت کرنے کی سہولت ہے۔ جبکہ نائب تحصیل ناظم کو سات ہزار روپے اعزازیہ اور پندرہ سو تک مفت فون کالز کی سہولت ہے۔ یونین ناظم اور نائب ناظم کو ترتیب وار پانچ اور دو ہزار روپے اعزازیہ، پندرہ سو تک دفتر اور رہائشی فون کالز مفت جبکہ نائب کو تین سو مفت فون کالز کی سہولت دی گئی ہے۔ اس صوبے میں ضلع، تحصیل اور یونین کونسلوں کے ارکان کوئی سہولت حاصل نہیں۔ بلوچستان کوئٹہ کے علاوہ دیگر اضلاع کے ناظمین کو دس ہزار ماہانہ اعزازیہ، پانچ سو روپے یومیہ الاؤنس، تین سو لٹر پٹرول، دفتر اور رہائش کے لیے پندرہ سو مفت فون کالز کرنے کی سہولت ہے۔ جبکہ نائب ضلع ناظم کو آٹھ ہزار روپے اعزازیہ ملتا ہے۔ نائب ناظمین کی دیگر سہولتوں کے بارے میں مزید کچھ نہیں بتایا گیا۔ بلوچستان کے تحصیل ناظم کو پانچ ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ اور دورے کی صورت میں یومیہ دو سو روپے الاؤنس، جبکہ تحصیل نائب ناظم اور یونین ناظم کو پانچ ہزار روپے اعزازیہ اور دو دو سو روپے یومیہ الاؤنس ملتا ہے۔ یونین کونسل کے نائب ناظم کو تین ہزار اعزازیہ اور ایک سو روپے یومیہ الاؤنس، جبکہ ضلع، تحصیل اور یونین کونسل کے ارکان کو ترتیب وار پانچ، تین اور دو ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ جبکہ یومیہ الاؤنس کے مد میں ترتیب وار دو سو، اسی اور ساٹھ روپے ملتے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||