لاہور میں ورلڈ آرٹ فیسٹیول کی تیاریاں | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
رفیع پیر تھیٹر ورکشاپ کے زیراہتمام لاہور میں بارہ روزہ ورلڈ پرفارمنگ اینڈ وژیول آرٹس فیسٹیول چھبیس نومبر سے شروع ہو رہا ہے۔ فیسٹیول کا باقاعدہ افتتاح وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی ستائیس نومبر کو الحمرا کلچرل کمپلیکس قذافی سٹیڈیم میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں کریں گے۔ فیسٹیول کی اختتامی تقریب سات دسمبر کو ہو گی جس کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب لیفٹیننٹ جنرل(ر) خالد مقبول ہوں گے۔ فیسٹیول کے آرگنائزر عثمان پیر زادہ نے کہا کہ رفیع پیر تھیٹر ورکشاپ نے دنیا بھر سے فنکاروں کو لاہور کے تاریخی شہر میں اپنے فن کے اظہار کے لیے مدعو کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیسٹیول جنوب مشرقی ایشیا کا سب سے بڑا ایونٹ بن چکا ہے جس میں دنیا بھر سے چھ سو سے زائد فنکار بارہ دن تک اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ عثمان پیرزادہ نے کہا کہ فیسٹیول میں رقص، ڈرامے اور پتلی تماشے پرفارم کیے جائیں گے، پندرہ ممالک کی ساٹھ فلمیں دکھائی جائیں گی جن میں فیچر فلمز‘شارٹ فلمز اور دستاویزی فلمز شامل ہوں گی۔ اس فیسٹیول میں پاکستان کے علاوہ جن ممالک کے فنکار شرکت کر رہے ہیں ان میں بھارت، فرانس، مصر، الجزائر، مراکش، اٹلی، ڈنمارک، ترکی، آسٹریلیا، کروشیا، ہنگری، رومانیہ، ایران، ناروے، بلغاریہ، سوئٹزرلینڈ، ازبکستان، سری لنکا، پرتگال، جرمنی، روس، امریکہ، ہالینڈ، کینیڈا اور سربیا شامل ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||