مست ’ٹیم‘ کی رہائی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
لاہور کی مقامی عدالت نے نجی ریڈیو چینل ایف ایم ایک سو تین سے وابستہ معروف شاعر فرحت عباس شاہ اور پروگرام مینجر سید آفاق شاہ کو ضمانت پر رہا کرنے کاحکم دے دیا جس کے بعد آج دوپہر دونوں کو رہا کر دیا گیا۔ انہیں امراض دل کے ایک ہسپتال’پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی‘ کے بارے میں ایک ایسی رپورٹ نشر کر نے پر گرفتار کیا گیا تھا جس پر حکومت کو اعتراض تھا۔ دو روز پہلے مقامی پولیس نے انہیں گرفتار کرنے کے بعد ان پر ایک فوجداری مقدمہ قائم کر دیا تھا اور الزام عائد کیا تھا کہ وہ حکومت اور سرکاری ہسپتال کے بارے میں رپورٹیں نشر کر کے عوام میں اشتعال پھیلا رہے ہیں اورامنِ عامہ میں خلل پیدا کر رہے ہیں۔ کل عدالت نے پولیس کی جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرنے کے بعد ان کے وکیل سید باقر علی نقوی نے بتایا کہ آج مختصر بحث کے بعد ان کی ضمانتیں منظور کر لی گئیں۔ عدالت نے چالیس ہزار روپے کے ضمانت نامے داخل کرانے پر دونوں افراد کی رہائی کا حکم دیا جس کے بعد دونوں کو رہا کر دیا گیا۔ گرفتار ہونے والے سید فرحت عباس شاہ، نجی ریڈیو سٹیشن کے انچارج کرنٹ افیئرز ہونے کے علاوہ اردو کے شاعر بھی ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||