علی سلمان لاہور |  |
 |  سڑک کے حادثات میں ہر سال سینکڑوں لوگ ہلاک ہو جاتے ہیں |
پنجاب کے شہر میانوالی سے پچیس کلو میٹر کے فاصلے پر بس اور ویگن کے تصادم میں کم از کم نو افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں بیشتر جنگل سے لکڑی کاٹنے والے مزدور تھے۔ حادثہ کا شکار ہونے والی ویگن، بھکر سے میانوالی آرہی تھی۔ یہ ویگن جب میانوالی مظفرگڑھ روڈ پر ایک علاقے ’گولے والی‘ کے نزدیک پہنچی تو راولپنڈی سے آنے والی تیز رفتار بس سے ٹکرا گئی۔ سول ہسپتال کے سینیئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر مقبول نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے تمام نو افراد ویگن میں سوار تھے اور ویگن ہی میں سوار دیگر دس افراد بھی زخمی ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ خاتون سمیت چار افراد کی شناخت نہیں ہوسکی ہے ۔ تھانہ کندیاں کے ڈیوٹی افسر پرویز نے بتایا کہ یہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ہے اور ہلاک ہونے والوں میں ویگن کا ڈرائیور بھی شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بس کے ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرکے بس قبضے میں لے لی گئی ہے۔ |