کراچی انتخابات، اپیلیں دائر | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان میں حزب اختلاف کی پارٹی جماعت اسلامی نے کراچی کے ضمنی نتخابات کے متعلق سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف پیر کے روز سپریم کورٹ میں اپیلیں دائر کردی ہیں۔ صوبہ سندھ کے شہر کراچی میں رواں سال بارہ مئی کو منعقد ہونے والے ضمنی انتخابات میں پرتشدد واقعات جس میں آٹھ سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔ ان پرتشدد واقعات اور دھاندلی کے الزامات کی بنا پر پاکستان کے الیکشن کمشن نے قومی اسمبلی کی دو اور صوبائی اسمبلی کی ایک نشست پر انتخابات کو کالعدم قرار دیتے ہوئے دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم جاری کیا تھا۔ جن نشستوں پر دوبارہ انتخاب کا حکم جاری کیا گیا تھا ان میں قومی اسمبلی کے حلقوں میں 240 اور 243 جبکہ سندھ کی صوبائی اسمبلی کا حلقہ 127 شامل تھا۔ چیف الیکشن کمشنر نے جاری کردہ حکم میں کہا تھا کہ انہیں کراچی کے ضمنی انتخابات کے متعلق 80 شکایات موصول ہوئی تھیں جن میں متحدہ مجلس عمل اور متحدہ قومی موومنٹ نے ایک دوسرے کے ووٹرز کو روکنے اور پولنگ ایجنٹس کو حراساں کرنے کے الزامات عائد کئے تھے۔ حکومت کی حامی جماعت متحدہ قومی موومنٹ یعنی ’ایم کیو ایم‘ نے الیکشن کمیشن کے حکم کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا اور ہائی کورٹ نے کمیشن کا حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے ایم کیو ایم کے حق میں فیصلہ دیا اور ان کے امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا بھی حکم دے دیا۔ الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم کے امیدواروں محمد عابد علی امنگ اور نثار احمد پنہور کے رکن قومی اسمبلی کے طور پر نوٹیفکیشن جاری کردیا اور انہوں نے چوبیس جولائی کو بطور رکن قومی اسمبلی حلف بھی اٹھالیا۔ پیر کے روز چھ دینی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل میں شامل، جماعت اسلامی کے متاثرہ امیدواروں راشد نسیم اور قاری محمد عثمان نے سندھ ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف چودھری اکرام ایڈوکیٹ کی معرفت اپیلیں دائر کیں۔ ایڈوکیٹ اکرام چودھری نے بی بی سی اردو ڈاٹ کام کو بتایا کہ اپیلوں میں استدعا کی گئی ہے کہ فوری طور پر سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر عمل درآمد روکا جائے اور الیکشن کمیشن کے حکم کے مطابق دوبارہ ضمنی انتخابات منعقد کرائے جائیں۔ وکیل کے مطابق اپیلوں میں کہا گیا ہے کہ جب عدالت اعظمیٰ میں اپیل کا حق باقی ہو اس صورت میں ہائی کورٹ نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم نہیں دے سکتی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||