سندھی سیکھنے کی الیکٹرانک کتاب | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
زبان سیکھنے کے لئے پہلے کتابیں ہوا کرتی تھیں لیکن اب آئی ٹی کی ترقی کی وجہ سے ایسی ملٹی میڈیا سی ڈییز بھی آنے لگی ہیں جن میں تحریری الفاظ کے ساتھ تصاویر اور آواز کی بھی سہولت موجود ہے- برصغیر کی ایک اہم اور قدیم زبان سندھی سیکھنے کے لئے بھی سی ڈی آ گئی ہے- یہ سی ڈی بھارت میں رہنے والی ممتاز سندھی ادیب جوڑی سندری اُتم چندانی اور اتم کی بیٹی آشا چاند کے اپنی زبان سے جنون کی حد تک لگاؤ اور انتھک محنت کا نتیجہ ہے- دبئی میں رہائش پذیر آشا چاند نے گزشتہ دنوں سندھ کا دورہ کیا اور سندھی سیکھنے کے لیے ریلیز کی گئی سی ڈی کے بارے میں سندھ کے ماہر لسانیات اور اہل علم سے تبادلہ خیال کیا- بھارت کے دو اداروں سندھولوجی ادھی پور اور سندھی سنگت کے تعاون سے بنائی گئی اس الیکٹرانک کتاب کا دبئی میں افتتاح ہو چکا ہے اور یہ پاکستان اور بھارت کے علاوہ دبئی، امریکہ اور یورپ میں بھی دستیاب ہے-
سندھ کے وہ خاندان جو بیرون ملک آباد ہیں یا بھارت میں بسنے والے لاکھوں سندھی بولنے والے افراد کو سندھی بولنا، لکھنا اور پڑھنا بھولتا جا رہا ہے جس کا اظہار اکثر بھارت کے سندھی دانشور کرتے رہے ہیں- سی ڈی کی خالق آشا چاند نے بی بی سی آن لائن کو بتایا کہ اس سی ڈی کا ٹارگٹ بیرون ملک بسنے والے لوگ ہیں جو سندھی بولنا، پڑھنا اور سیکھنا چاہتے ہیں- یہ ایک الیٹرانک کتاب ہے جو سندھی سیکھنے میں بڑی کارآمد ہے- اپنی نوعیت کی اس پہلی سی ڈی میں آواز ریکارڈ کرنے کی بھی سہولت موجود ہے تاکہ سیکھنے والا اپنی آواز ریکارڈ کرکے سی ڈی میں موجود آواز سے موازنہ کر سکے اور اپنے تلفظ اور لہجےکو درست کر سکے- ا
آشاچاند نے بتایا کہ اس سی ڈی کے لیے آدمی کو کمپیوٹر اور انگریزی کی بنیادی سمجھ کافی ہے- سی ڈی کی تیاری کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ سال دو ہزار ایک میں سی ڈی تیار کرنے کا فیصلہ کیا اور سی ڈی کے مواد کے لئے انسٹی ٹیوٹ آف سندھولوجی ادھی پور سے رابطہ کیا گیا- ’اسی کے ساتھ محققین اور ماہرین کی خدمات حاصل کی گئیں اور معیاری آواز ریکارڈ کرنے کے لئے اسٹوڈیو بھی حاصل کیا گیا- یوں اس پوری مشق میں ایک سال لگ گیا-‘ امریکی ماہر لسانیات جنیفر کول اور سندھ کے دانشور اور کمپیوٹر کے پروفیسر گل آغا نےاس سی ڈی کو سندھی سیکھنے کے لئے ایک کامیاب کوشش قرار دیا ہے- اس پروجیکٹ کے لئے فنڈنگ کے بارے میں آشا کا کہنا ہے کہ ہم نے سولہ اداروں اور شخصیات سے فنڈ جمع کئے جو سندھی زبان کی ترقی کے خواہاں تھے- آشاچاند نے مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بتایا کہ وہ دو اور پروجیکٹس پر کام کر رہی ہیں- ایک سندھی اصطلاحات اور محاوروں پر مشتمل جامع سی ڈی لانا ہے جبکہ دوسرا وہ سندھی کے نامور ادیبوں کی تحریریں ایک ہی سی ڈی پر لانا چاہتی ہیں- انہوں نے کہا کہ انگریزی اور بعض دیگر زبانوں میں آڈیو کتابیں موجود ہیں- جو پڑھنے لکھنے کے نئے طریقوں اور ضرورتوں کو پورا کرتی ہیں- سندھی میں بھی یہ طریقہ رائج کرکے پڑھنے لکھنے کے حوالے سے اچھے نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں- |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||