جنوبی وزیرستان میں بمباری | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے دو روز کی کارروائیوں میں قبائلی علاقے شکئی کے شمال میں سنتوئی اور منتوئی کو مشتبہ عسکریت پسندوں سے خالی کروا لیا ہے۔ فوج نے ایک مسلح شخص کو گرفتار کرنے کا بھی دعویٰ کیا جس پر اسے شک ہے کہ وہ غیرملکی ہوسکتا ہے۔ جنوبی وزیرستان میں شکئی میں عینی شاہدوں کا کہنا تھا کہ فوجی طیاروں اور ہیلی کاپٹروں نےمنگل کو سنتوئی اور منتوئی میں شدید بمباری کی۔ وقفے وقفے سے اس پہاڑی علاقے پر بمباری کا سلسلہ گذشتہ دو دن سے جاری تھا۔ پاکستانی فوج کے ایک ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ دو روز کی کارروائیوں کے بعد ان علاقوں کو مشتبہ عسکریت پسندوں سے پاک کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کارروائی میں انہیں مقامی آبادی کی مدد بھی حاصل تھی۔ ترجمان نے ایک شخص کو زندہ گرفتار کرنے اور اس سے مارٹر اور راکٹ برآمد کرنے کی تصدیق کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے ابھی اس شخص کی شناخت نہیں کی لیکن وہ بظاہر غیرملکی معلوم ہوتا ہے۔ البتہ حسب معمول فوج کا کہنا ہے کہ اسے کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔ دوسری جانب غیرمصدقہ اطلاعات کے مطابق تازہ جھڑپوں میں متعدد فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ فوج نے اس تصادم میں عام شہریوں کے نقصان کی بھی تصدیق کی ہے۔ دریں اثنا صدر مقام وانا میں آج احمد زئی وزیر قبائل کا ایک جرگہ فیصلے کے لئے کل تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔ جرگہ یا تو حکومت کو مطلوب دو افراد مولوی عباس اور جاوید خان کے رشتہ داروں کے مکانات مسمار کرنے یا بطور ضمانت افراد حکومت کے حوالے کرنے کا اعلان کرے گا۔ وانا سے یہ اطلاعات بھی ہیں کہ کل حکومت کے حوالے کیے جانے والے شکئی قبائل سے تعلق رکھنے والے افراد میں سے سولہ کو مزید پوچھ گچھ کے لئے پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||