بھارتی وزیر خارجہ پاکستان پہنچ گئے | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت کے وزیر حارجہ نٹور سنگھ جنوبی ایشیا کی علاقائی تعاون کی تنظیم ’سارک‘ کی وزارتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے پیر کو پاکستان پہنچ گئے۔ بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ بھارت کی حکومت اور عوام کا پاکستان کی حکومت اور عوام کے لیے خیر سگالی اور دوستی کا پیغام لائے ہیں۔ ان کے بقول وہ پاک بھارت مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لیے جو کچھ کرسکیں گے کریں گے۔ پاکستان آمد کے بعد نٹور سنگھ نے بتایا کہ وہ صدر جنرل پرویز مشرف، وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔ جنوبی ایشیا میں علاقائی تعاون کے فروغ کی تنظیم سارک کے وزارتی کونسل کا دو روزہ اجلاس منگل کو اسلام آباد میں شروع ہورہا ہے۔ سارک اجلاس میں بھارت، پاکستان، نیپال، بنگلہ دیش، بھوٹان، مالدیپ اور سری لنکا کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔ بھارتی وزیر کا کہنا تھا کہ وہ پندرہ سال قبل اس وقت کے وزیراعظم راجیو گاندھی کے ہمراہ پاکستان آئے تھے جس کے بعد وہ اب آئے ہیں۔ دریں اثناء پیر کی صبح پاکستان اور بھارت کے خارجہ سیکریٹریز کے درمیاں ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے بعد پاکستانی سیکریٹری خارجہ نے صحافیوں کو بتایا کے ان کے درمیان اچھی بحث ہوئی ہے اور بعض خیالات کا تبادلہ بھی ہوا ہے جن پر وزراء خارجہ کی ملاقات میں مزید بات ہوگی۔ خارجہ سیکریٹریز کی ملاقات میں دونوں ممالک میں تعینات ان کے ہائی کمشنرز کے علاوہ بھارت کے نامزد سیکریٹری خارجہ اور دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔
ملاقات کے متعلق پاکستان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں امن و سلامتی اور جموں و کشمیر کے بارے میں تئیس جون کو نئی دلی میں کیے گئے مذاکرات پر اطمینان ظاہر کیا گیا اور دونوں ممالک کے نمائندوں نے باقی ماندہ چھ نکات پر مذاکرات کی تاریخوں کے اعلان پر بھی اطمینان کیا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||