رحمت شاہ کی سزائے موت ختم | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
لاہور ہائی کورٹ نے انگریزی اخبار فرنٹئیر پوسٹ کے مالک رحمت شاہ آفریدی کو منشیات کے جرم میں دی جانے والی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کردیا ہے۔ جسٹس تصدق حسین جیلانی اور جسٹس سعید اختر پر مشتمل بینچ نے اپنے مختصر حکم میں لکھا ہے کہ رحمت شاہ کی موت سزا کو عمر قید میں بدل دیا گیا ہے۔ تفصیلی فیصلہ بعد میں سنایا جائے گا۔ عدالت عالیہ نے رحمت شاہ آفریدی کے ساتھ دو دوسرے ملزمان کی عمر قید کی سزا بحال رکھی ہے۔ دونوں ملزمان مبینہ طور رحمت شاہ کے ڈرائیور تھے۔ اینٹی نارکوٹکس عدالت کی ایک خصوصی عدالت نے جون سن دو ہزار ایک میں رحمت شاہ آفریدی کو بیس لاکھ روپے جرمانہ اور سزائے موت کی سزا سنائی تھی۔ رحمت شاہ آفریدی کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں۔ اینٹی نارکوٹکس فورس نے بارہ اپریل انیس سو ننانوے کو رحمت شاہ آفریدی کو ان کی کار میں بیس کلو گرام چرس سمیت گرفتار کیا تھا اور کہا گیا تھا بعد میں ان کی اطلاع پر شیخوپورہ میں شاہ کوٹ کے ایک ٹرک سے چھ سو اکیاون کلو گرام چرس پکڑی گئی تھی۔ رحمت شاہ نے موقف اختیار کیا تھا کہ مقدمہ جھوٹا ہے اور اس وقت کی حکومت اور انسداد منشیات کے محکمے کے کچھ افسران کو تنقید کا نشانہ بنانے کی وجہ سے ان کواس مقدمے میں پھنسایا گیا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||