BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Monday, 10 May, 2004, 20:36 GMT 01:36 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
شہباز شریف: دو طرفہ تیاریاں مکمل

لاہور
سارے لاہور شہر میں جگہ جگہ پثلیس کی ٹولیاں کھڑی تھیں
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جلاوطن صدر میاں شہباز شریف کی آمد کے سلسلے میں مسلم لیگ نواز نے استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں تو دوسری جانب پولیس نے بھی انہیں روکنے کے پورے انتظامات کر رکھے ہیں۔

سوموار کو پولیس نے فل ڈریس ریہرسل کی، پورے لاہورکو سیل کردیا۔

لاہور پولیس کےایک افسر نے اپنا نام نہ بتانے کیا شرط پر بتایا ہے کہ لاہور آنے والے تمام راستوں کی منگل کو نا کہ بندی ہوگی اور تمام گاڑیوں کو تلاشی کے بعد ہی شہر میں داخل ہونے دیا جائے گا۔ خاص طور پر مظاہرین سے بھری بسوں کو روکا جائے گا اور موقع پر گرفتاریاں ہوں گی۔

سوموار کو لاہور میں خاص طور پر پولیس کی نقل و حرکت زیادہ دیکھنے میں آئی۔ ہر اہم سڑک پر پولیس کی نفری ٹولیوں کی شکل میں تعینات تھی جبکہ جگہ جگہ پولیس کی پک اپ گاڑیوں اور بسوں اور موٹرسائیکلوں پر اہلکار گشت کرتے بھی دکھائی دیتے تھے۔

دو سے پانچ بجے کے دوران پورے ائر پورٹ کو لاہور پولیس نے ریہرسل کے لیے گھیرے میں لے لیا اور ایئر پورٹ تک ہر چوک پر پولیس کی نفری تعینات کردی گئی۔

چئیرنگ کراس سے لیکر ائر پورٹ تک جگہ جگہ پولیس کی نفری تعینات تھی۔

ایئر پورٹ جاتے ہوئے میں نے مخالف سڑک پر گشت کرنے والی صرف بسوں کی گنتی کرتا چلا گیا تو ایئرپورٹ تک پولیس کی بارہ بسیں پولیس اہلکاروں سے بھری ملیں جن میں موجود اہلکاروں نے نے مخصوص حفاظتی جیکٹیں پہن رکھی تھیں اور وہ لاٹھیوں سے لیس تھے۔

ائر پورٹ پہنچا تو پولیس کی ریہرسل تو ختم ہوچکی تھی لیکن پارکنگ سٹینڈ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ریہرسل کے دوران پورا ایئرپورٹ پولیس اہلکاروں سے بھر گیا تھا۔ اور پارکنگ سمیت ایئرپورٹ جانے والے ہر موڑ پر پولیس ہی پولیس ہی تھی۔
اس ملازم نے بتایا کہ اہکار دو بسوں اور دو درجن کے قریب پک اپ گاڑیوں میں بھر کر آئے تھے۔

لاہور کے علامہ اقبال ایئر پورٹ پر اندرون اور بیرون ملک آمد کے دروازوں کےشیشے کالے رنگ کے کر دیئے گئے ہیں۔ جن کے دوسری جانب دیکھنا ممکن نہیں ہے۔

ایئر پورٹ
پولیس نے ایئر پورٹ کی وسیع اور عریض پارکنگ کا بھی محاصرہ کیا

ادھر پولیس نے مسلم لیگیوں کے گھروں پر چھاپوں اور گرفتاریوں کا سلسلہ بھی جاری رکھا ہوا ہے۔

مسلم لیگ نواز کے صوبائی جنرل سیکرٹری نے کہا ہے پنجاب بھر میں ان کے ہزاروں کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

جبکہ تمام مرکزی اور صوبائی قائدین کے گھروں کے باہر سادہ پوش اور باوردی اہلکار تعینات ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے صوبائی سیکرٹریٹ کےباہر بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جو کسی کو اندر یا باہر نہیں جانے دے رہی۔
ادھر مسلم لیگ نواز نے بھی اپنی حکمت عملی تیار کر لی ہے لیکن انہوں نے اسے خفیہ رکھا ہواہے۔

اخبارات کے دفاتر کو مسلم لیگ نواز کی طرف سے نیلا گنبد کے استقبالی جلوس کی کوریج کے لیے جو دعوت نامے بھجوائے گئے ہیں ان پر مسلم لیگ نواز کے تین صوبائی رہنماؤں خواجہ سعد رفیق ،پیر بنیا مین اور زعیم القادری کے موبائل فون کے نمبر درج کیے گئے ہیں اور کہا گیا ہے کہ تینوں رہنما روپوش ہیں اور ان فون نمبروں پر رپورٹر ان سے رابطہ کر کے گیارہ مئی کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کرتے رہیں۔

مسلم لیگ کے رہنماؤں نے اعلان کیا ہے کہ وہ اور ان کے کارکن ہر صورت اور ہر رکاوٹ کو توڑ کر ایئر پورٹ پہنچیں گے۔

مسلم لیگی ذرائع کا کہنا ہے اس بات کا امکان موجود ہے کہ پولیس سےہلکی پھلکی جھڑپیں ہوں۔

لاہور
سارے شہر میں جگہ جگہ پولیس کی پک اپ اور وین گاڑیاں کھڑی تھیں

ادھر پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے سیکرٹری اطلاعات نوید چودھری نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر مخدوم امین فہیم اور صوبائی صدر قاسم ضیا ان دنوں دوبئی میں ہیں اور وہ کوشش کر رہے ہیں کہ انہیں ابو ظہبی سے اسی پرواز یا اس کے نزدیک وقت میں لاہور پہچنے والی فلائٹ پر سیٹیں مل جائیں۔

انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے ارکان لاہور میں شہباز شریف کے استقبالی جلوس میں شانل ہونگے۔

مرکزی جمعیت اہلحدیث کے ترجمان نے کہا کہ پروفیسر ساجد میر کی قیادت میں ان کی جماعت کے کارکنوں کا ایک بڑا جلوس نیلا گنبد پہنچے گا۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد