آپریشن مکمل، کئی غیر ملکی گرفتار | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستانی حکام نے فوج کی مدد سے جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا میں منگل کی صبح کوجو کارروائی شروع کی تھی وہ مکمل کر لی گئی ہے۔ حکام کئی افراد کی گرفتاری کی تصدیق کر رہے ہیں جن میں چند غیر ملکی بھی شامل ہیں۔ حکام اس کارروائی کو کامیاب قرار دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جن معلومات کی بنیاد پر یہ کاروائی کی گئی وہ درست ثابت ہوئی اور انہیں اس مقام سے مزید اہم معلومات بھی ہاتھ آئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ انہیں غیرملکیوں کے پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات ملی ہیں۔ غیرمصدقہ اطلاعات کے مطابق کارروائی کے دروان چند عرب خواتین بھی حراست میں لی گئی ہیں۔ البتہ حکام حراست میں لئے گئے افراد کی تعداد اور قومیت بتانے سے فی الوقت گریز کر رہے ہیں۔ آج کی کارروائی میں دو مقامی قبائلیوں کے مکان مسمار کر دیے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق کارروائی کی وقت ان مکانات میں کوئی موجود نہیں تھا۔ کسی مزاحمت کی اطلاع بھی نہیں ملی ہے۔ یہ دو قبائلی حکام کو القاعدہ کے مشتبہ غیرملکیوں کو پناہ دینے کے الزام میں مطلوب تھے۔ وانا میں عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے بیس کے قریب ہیلی کاپٹر وانا میں اترتے دیکھے ہیں۔ ان میں سے چند بعد میں وانا سے مغرب میں اعظم ورسک کے علاقے کی جانب جاتے دیکھے گئے ہیں۔ مقامی لوگ صبح ساڑھے دس بجے سے وقفے وقفے سے بھاری اسلحے کے چلنے کی آوازیں بھی سن رہے ہیں۔ اس کارروائی میں فوج، نیم فوجی دستوں اور مقامی خاصہ دار فورس نے حصہ لیا۔ تمام مقامی اور فوجی اعلی اہلکار کاروائی کی نگرانی کر رہے ہیں اور خیال ہے کہ یہ کاروائی اعظم ورسک کے قریب ژڑی لیٹا علاقے میں پہاڑوں میں واقعے ایک گاؤں کلوشاہ میں کی جا رہی ہے۔ حکام اسے علاقے میں روپوش غیرملکی عناصر کی تلاش کی کارروائی قرار دے رہے ہیں۔ کارروائی کے دوران اعظم ورسک کو جانے والے تمام راستوں کی ناکہ بندی کر دی گئی تھی۔ اس سے قبل کل مقامی انتظامیہ نے وانا بازار میں سوموار کے روز زلی خیل قبائل کا جرگہ طلب کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن یہ جرگہ آج نہیں ہوسکا۔ مقامی لوگوں کے خیال میں یہ ان قبائلیوں کی توجو ہٹانے کی ایک کوشش ہو سکتی ہے۔ ادھر علاقے سے رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالمالک نے اس کارروائی کو بےجا اور بے بنیاد قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے عوام میں سخت ردعمل پیدا ہونے کا اندیشہ ہے لیکن انہوں نے لوگوں سے پر امن رہنے کی اپیل کی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||