| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
سندھ: مندر میں آتشزدگی پر احتجاج
صوبہ سندھ میں ایک مندر میں آتشزدگی پر احتجاج کے طوفر پر جیکب آباد اور لاڑکانہ کے کئی قصبوں میں ہڑتال ہوئی اور کاروبار بند رہا۔ آتشزدگی کا یہ واقعہ کثیر ہندو آبادی والے شہر گڑھی خیرو میں ہوا۔ آتشزدگی کے نتیجے میں مندر میں پڑی تین مورتیاں جل گئیں۔ گڑھی خیرو کی رہائشی ایک ہندو خاتون نے بی بی سی اردو سروس کو بتایا کہ آگ لگنے کا واقعہ صبح دس بجے پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ آگ لگائی گئی یا غلطی سے لگی۔ گڑھی خیرو پولیس کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کا یہ واقعہ نہ تو دانستہ ہے اور نہ ہی دہشت گردی کا نتیجہ ہے۔ گڑھی خیروپولیس کے ایک اہلکار نے بی بی سی اردو سروس کو بتایا کہ وہ سب سے پہلے مندر کے اندر پہنچے تھے اور انہوں نے ہی ایک کانسٹبل کو ساتھ لے کر آگ پر قابو پایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہو سکتا ہے آگ بجلی کے شارٹ سرکٹ کا نتیجہ ہو یا مندر کے اندر جلائی جانے والے اگربتیوں سے لگی ہو۔ انہوں نے کہا کہ یہ پچھلے پچاس سالوں میں گڑھی خیرو میں ہونے والا اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔ انہوں نے اس امر کی بھی تردید کی کہ جیکب آباد اور لاڑکانہ کے شہروں میں کاروبار احتجاج کے طور پر بند رہا اور کہا کہ مندر میں آتشزدگی کے سوگ میں ایسا کیا گیا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||