| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
گوانتانامو سے مزید پاکستانی رہا
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں حکام نے کہا ہے کہ کیوبا کے جزیرے گوانتانامو بے میں قائم کیمپ ایکسرے میں امریکی قید سے پانچ مزید پاکستانی رہا ہوکر وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ یہ وہ افراد ہیں جنہیں سن دو ہزار ایک میں طالبان حکومت کے خلاف امریکی جنگ کے دوران افغانستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔ پاکستانی حکام نے کہا کہ اگرچہ ان کا خیال ہے کہ ان افراد کا کسی شدت پسند تنظیم سے کوئی تعلق نہیں ہے تاہم اس کی تصدیق کے لئے وہ انہیں چند روز مزید تحویل میں رکھیں گے۔ اس سے قبل امریکہ نے اکیس پاکستانیوں کو کیمپ ایکسرے سے رہا کیا تھا۔ تاہم اب بھی سینتیس پاکستانی امریکی قید میں ہیں۔ اس کیمپ میں بیالیس ملکوں سے تعلق رکھنے والے چھ سو سے زیادہ افراد حراست میں ہیں۔ ان لوگوں پر اب تک باقاعدہ مقدمہ قائم نہیں کیا گیا۔
حقوق انسانی کی تنظیمیں امریکہ کے اس رویے پر تنقید اور تشویش کا اظہار کرتی رہی ہیں۔ ان تنظیموں کا کہنا ہے کہ بغیر مقدمہ چلائے کسی کو طویل حراست میں رکھنا حقوق انسانی اور جنیوا کنوینشن کی صریح خلاف ورزی ہے۔ امریکہ ان افراد کو غیرقانونی جنگجو قرار دیتا ہے اور انہیں جنگی قیدیوں سے متعلق اقوام متحدہ کے معاہدے جنیوا کنوینشن میں بیان کئے گئے سلوک کا مستحق نہیں سمجھتا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||