’لواری ٹنل جون 2017 تک مکمل ہو جائے گی‘

- مصنف, عزیز اللہ خان
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
پاکستان کے وزیرِ اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ چترال کو ملک کے دیگر علاقوں سے منسلک کرنے والی لواری سرنگ کو جون سنہ 2017 تک مکمل کیا جائے گا جب کہ چترال میں یونیورسٹی اور 250 بستروں کا ہسپتال قائم کیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے بدھ کو چترال میں جلسے سے خطاب کرنے کے بعد لواری سرنگ کا دورہ کیا اور وہاں جاری کام کا جائزہ بھی لیا۔
لواری سرنگ منصوبے کے حکام نے لواری ٹنل پر جاری کام سے نواز شریف کو آگاہ کیا۔
یہ سرنگ پونے نو کلو میٹر طویل ہے جو چترال کو دیر سے ملائے گی۔

نواز شریف نے کہا کہ چترال سے براستہ لواری سرنگ سڑک موٹر وے کی طرح ہوگی اور یہ چکدرہ تک جائے گی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے کہا کہ چترال میں بجلی کا گول ان گول نامی منصوبہ بھی سنہ 2018 تک مکمل ہو جائے گا جس سے اس علاقے میں بجلی کی کمی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ اس موقعے پر نواز شریف نے چترال کی ضلعی حکومت کے لیے 20 کروڑ روپے کا اعلان بھی کیا۔
واضح رہے کہ شدید سردیوں میں خیبر پختونخوا سے چترال جانے والا راستہ شدید برفباری کی وجہ سے بند ہو جاتا ہے جس سے چترال کی بڑی آبادی کا ملک کے دیگر علاقوں سے رابطہ منقطع ہو جاتا ہے۔
لواری سرنگ کے منصوبے پر ابتدائی کام سنہ 1970 کی دہائی میں سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں شروع کیا گیا تھا لیکن ایک سال بعد اسے بند کر دیا گیا تھا۔ سابق صدر پرویز مشرف کے دورِ حکومت میں سنہ 2005 میں پھر اس منصوبے پر کام کا آغاز کیا گیا۔
موجود حکومت کے دور میں اس منصوبے پر پہلے سست روی سے کام جاری تھا لیکن اب مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈ جاری ہونے کے بعد منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے۔
نواز شریف کے جلسے میں مقامی سیاسی جماعتوں نے شرکت کی جب کہ سپاس نامہ سابق صدر پرویز مشرف کی جماعت کے واحد رکن قومی اسمبلی شہزادہ افتخار الدین نے پیش کیا۔
میاں افتخار الدین نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں چترال میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے اور اب تک وفاقی حکومت کی جانب سے تمام منصوبوں کے لیے 50 ارب روپے کے منصوبے منظور کیے جا چکے ہیں۔
اس موقعے پر وزیر اعظم نے چترال کے لیے ایک یونیورسٹی اور 250 بستروں کے ہسپتال کی منظوری دی۔







