آوارن میں فائرنگ سے چار افراد ہلاک

ذرائع نے بتایا کہ ہلاک کیے جانے والے افراد ضلع آواران میں حکومت کے حامی ایک اہم قبائلی رہنما کے حمایتی تھے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنذرائع نے بتایا کہ ہلاک کیے جانے والے افراد ضلع آواران میں حکومت کے حامی ایک اہم قبائلی رہنما کے حمایتی تھے
    • مصنف, محمد کاظم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع آواران میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں چار افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

آواران میں انتظامیہ کے مطابق ان افراد کو ہلاک کرنے کا واقعہ ضلع کی تحصیل جھاؤ کے علاقے پیلار میں پیش آیا۔

حملے کا نشانہ بننے والے لوگ کورک کے علاقے میں عید کی نماز پڑھنے گئے تھے جہاں سے واپس آتے ہوئے نامعلوم مسلح افراد نے ان پر حملہ کیا۔

اس حملے کے نتیجے میں چاروں افراد ہلاک ہوگئے۔

انتظامیہ کے ذرائع نے بتایا کہ حملہ آور موٹر سائیکل سواروں پر تھے جو کہ حملے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ذرائع نے بتایا کہ ہلاک کیے جانے والے افراد ضلع آواران میں حکومت کے حامی ایک اہم قبائلی رہنما کے حمایتی تھے۔

چاروں افراد کو ہلاک کرنے کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے۔

آواران کا شمار بلوچستان کے ان علاقوں میں ہوتا ہے جو کہ شورش سے زیادہ متاثر ہیں۔ اس ضلع میں جہاں سیکورٹی فورسز کے آپریشنوں کا سلسلہ جاری ہے وہاں اس کے مختلف علاقوں سیکورٹی فورسز پر حملوں کے علاوہ عسکریت پسندی کے دیگر واقعات بھی پیش آرہے ہیں۔

اس ضلع سے اب تک لوگوں کی ایک بڑی تعداد کی تشدد زدہ لاشیں بھی برآمد ہوئی ہیں تاہم موجودہ حکومت کا دعویٰ ہے کہ پہلے کے مقابلے میں آواران میں اب حالات میں بہتری آئی ہے ۔