بولان: کوئلے کی کان کے مزدور کی تشدد زدہ لاش برآمد

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے بولان میں کوئلے کی کان پر کام کرنے والے ایک شخص کی تشددزدہ لاش ملی ہے۔
مچھ میں انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق لاش فیاض احمد نامی شخص کی ہے جن کو نامعلوم افراد نے 21 جون کو اغوا کیا تھا۔
انھیں مارگٹ کے علاقے میں کوئلے کی کمپنی کے دفتر سے اغوا کیا گیا تھا اور دس روز بعد ان کو ہلاک کرنے کے بعد ان کی لاش پھینک دی گئی تھی۔
لاش کو مقامی انتظامیہ نے مچھ میں سرکاری ہسپتال منتقل کردیا ہے۔ انتظامیہ کے ذرائع نے بتایا کہ فیاض احمد کو سر میں گولیاں ماری گئی تھیں۔ تاحال ان کے اغوا اور قتل کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے۔
فیاض احمد کا تعلق پنجاب کے علاقے تونسہ شریف سے تھا اور وہ مارگٹ کے علاقے میں کوئلے کے کان کی کمپنی میں منشی کے طور پر کام کرتا تھے۔
مارگٹ کوئٹہ شہر سے مشرق میں اندازً 80کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ مارگٹ اور اس کے گردونواح میں بڑی تعداد میں کوئلہ کی کانیں ہیں۔
بلوچستان میں حالات کی خرابی کے بعد سے مارگٹ اور گردونواح کے علاقوں سے پہلے بھی کوئلہ کانوں میں کام کرنے والے کان کنوں اور دیگر عملے کے اغوا اور ان کو ہلاک کرنے کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔



