ایوان صدر اور وزیر اعظم کے اخراجات ایک ارب سے زیادہ

،تصویر کا ذریعہAFP

    • مصنف, فراز ہاشمی
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

پاکستان میں جمعہ کو قومی اسمبلی میں پیش کی جانے والے بجٹ دستاویزات کے مطابق گذشتہ مالی سال کے دوران ایوان صدر اور وزیر اعظم سیکریٹیریٹ پر مجموعی طور پر ایک ارب 77 کروڑ روپے سے زیادہ کے اخراجات ہوئے۔

ایوان صدر اور وزیر اعظم سیکریٹیریٹ کے اخراجات کی جو تفصیل بجٹ دستاویزات میں سامنے آئی ہیں ان کے مطابق گذشتہ مالی سال کے دوران ایوان صدر کے اخراجات وزیر اعظم سیکریٹیریٹ سے زیادہ رہے۔

مالی سال 2015-2016 کے دوران ایوان صدر نے ملازمین کی تنخواہوں سمت مختلف مدوں میں 91 کروڑ 84 لاکھ روپے خرچ کیے۔ جن میں ایوان صدر کی مرمت اور دیکھ بحال کے کاموں پر دو کروڑ 22 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔

باوجود اس کے کہ ایوان صدر کا خرچہ گذشتہ سال 91 کروڑ سے تجاوز کر گیا تھا آئندہ برس ایوان صدر کے لیے 86 کروڑ 34 لاکھ روپے کا بجٹ مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

گذشتہ سال کے بجٹ میں ایوان صدر کے لیے 80 کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے لیکن ایوان صدر نے اپنے بجٹ سے گیارہ کروڑ روپے زیادہ خرچ کیے۔

اسی طرح وزیر اعظم کے دفتر نے بھی اپنے اصل بجٹ سے ایک کروڑ سے زیادہ خرچہ کیا۔ وزیر اعظم کے دفتر کے لیے 84 کروڑ 20 لاکھ روپے مختص کیے گئے تھے اور وزیر اعظم کے دفتر نے 85 کروڑ 98 لاکھ روپے خرچ کیے۔

آئندہ سال کے لیے جو نواز شریف حکومت کا حکومت میں چوتھا سال ہو گا اس کے لیے 88 کروڑ 15 لاکھ 94 ہزار روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔