سکھ کی پگڑی کی’توہین‘، پانچ ملزمان کی ضمانت منظور

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, صبا اعتزاز
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر چیچہ وطنی کے سول جج طاہر منظور نے سکھ مذہب سے تعلق رکھنے والے مہندر پال سنگھ کی جانب سے توہین مذہب کے مقدمے میں گرفتار ہونے والے پانچ افراد کی ضمانت منظور کر لی ہے۔
واضع رہے کہ منگل کو مہندر پال سنگھ نے مقدمہ درج کرایا تھا کہ فیصل آباد سے ملتان کے سفر کے دوران جس بس پر وہ سفر کر رہے تھے اس کی مالک ٹرانسپورٹ کمپنی کے ملازمین نے ان سے بدسلوکی کی اور اس دوران ان کی پگڑی بھی زمین پر گرا دی گئی۔
کیس کے تفتیشی افسر عبد الستار نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پینل کوڈ کے سیکشن 148، 149، 295 اور 506 کے تحت گرفتار ہونے والے پانچ ملزمان کو رہا کر دیا گیا ہے، جن میں بس ٹرمینل کے منیجر بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب کیس کے مرکزی ملزم اور بس ٹرمینل کے مالک، حاجی ریاست کو پولیس اب تک گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔

،تصویر کا ذریعہMahinder Pall Singh Facebook
مہندر پال سنگھ کا کہنا تھا کہ پولیس نے ملزمان کے خلاف قابل ضمانت اور عبادت گاہ کی بے حرمتی کی دفعات کے تحت شکایت درج کی، لیکن وہ سکھ مذہب سے تعلق رکھنے والے پاکستانی شہری ہیں جبکہ حملہ آوروں نے ان کی مذہبی علامتوں کی تذلیل کی، اس لیے پولیس کو ناقابل ضمانت دفعہ 295 اے شامل کرنی چاہیے تھی۔
مہندرپال سنگھ کے مطابق وہ اپنے وکیل سے مشاورت کے بعد ایف آئی آر میں دفعہ 295 اے شامل کرنے کی درخواست دیں گے اور ضرورت پڑنے پر عدالت بھی جائیں گے ـ
واضع رہے کہ منگل کو مہندر پال نے یہ بھی کہا کہ وہ کوشش کریں گے کہ مقدمے کو ملتان منتقل کروایا جا سکے کیونکہ چیچہ وطنی میں سیاسی اثر و رسوخ کی وجہ سے اس کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







