پی ٹی آئی کو ڈی چوک میں جلسے کی اجازت دینے سے انکار

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے حزب مخالف کی جماعت پاکستان تحریک انصاف کو 24 اپریل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے ڈی چوک پر جلسے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا موقف ہے کہ یہ علاقہ ریڈ زون میں آتا ہے اور اس کے علاوہ وہاں پر وزارت داخلہ کے احکامات کی روشنی میں تعمیر و مرمت کا کام جاری ہے اس لیے وہاں پر جلسہ کرنا ممکن نہیں ہے۔
پاکستان تحریک انصاف نے یوم تاسیس کے موقع پر 24 اپریل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے جلسہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی طرف سے اجازت نہ ملنے کے باوجود حزب مخالف کی جماعت کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ وہ ہر صورت میں پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے جلسہ کریں گے۔
واضح رہے کہ گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قتل کے مقدمے میں موت کی سزا پانے والے ممتاز قادری کے چہلم کے موقعے پر ہزاروں افراد کے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا دینے کے بعد وزارت داخلہ نے ڈی چوک پر لوگوں کے اجتماع پر پابندی عائد کر دی تھی۔
وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ پارلیمان کے سامنے سیاسی و مذہبی جماعتوں کے علاوہ مظاہرین کو جلسہ یا احتجاجی مظاہرے نہ کرنے سے متعلق مناسب قانون سازی کی جائے گی۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ پاناما پیپر لیکس میں حکمراں جماعت کے سربراہ اور پاکستا ن کے وزیر اعظم میاں نواز شریف کے بچوں کے نام آنے کے بعد اُن کی جماعت عوام کو متحرک کرنے کے لیے رابطہ مہم شروع کرے گی۔
اُنھوں نے کہا کہ اُنھیں ڈی چوک دوبارہ بہت یاد آ رہا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے سنہ 2013 میں ہونے والے عام انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگا کر پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے ایک سو سے زائد دنوں تک دھرنا دیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







