لاہور میں ’اوبر‘ ٹیکسی سروس کا باضابطہ افتتاح

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, ہارون رشید
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام
دنیا میں ٹیکسی طلب کرنے کی مقبول ترین ایپلیکیشن اوبر نے پاکستان میں اپنی سروس شروع کر دی ہے اور اس سلسلے میں آغاز لاہور سے کیا گیا ہے۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ ہزاروں پاکستانیوں نے یہ ایپ پہلے ہی اپنے سمارٹ فون پر حاصل کر لی ہے۔
چیئرمین پنجاب آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف نے ارفع آئی ٹی ٹاور میں جمعرات کو اُوبر کا افتتاح کیا۔
پاکستان اور مشرقِ وسطیٰ کے اُوبر کے لانچر مسٹر لوئک اماڈو اور کنٹری مینجر زوہیر بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا تھا کہ ’دنیا کی بہترین ٹیکسی سروس کا پاکستان میں آنا خوش آئند ہے۔ اس سے کرایہ کم، روزگار میں اضافہ، ٹریفک کے رش میں کمی اورجدید ٹیکنالوجی کا فروغ ہوگا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بھی اُوبر کی کارکردگی کو سراہا ہے، اور اسے لاہوریوں کے لیے ایک تحفہ ہے۔
اُوبر کے لانچر مسٹر لوئک اماڈو کا اس موقعے پر کہنا تھا کہ دلکش لاہور کے لیے اُوبر ٹیکسی سروس ایک خوبصورت اضافہ ثابت ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں پہلی مرتبہ اس سروس کی ادائیگی نقد اور حسب معمول آن لائن کی جاسکے گی۔ اس کا کرایہ تیرہ روپے فی کلومیٹر ہوگا۔
کنٹری مینجر اُوبر زوہیر نے بتایا کہ چونکہ لاہور میں اس میں زیادہ دلچسپی ظاہر کی جا رہی تھی لہذا اسے پہلے یہاں جاری کیا گیا ہے۔ ’سمارٹ فون کی ایپ کے ذریعے کرائے پر لی جانے والی اُوبر ٹیکسی سستی ، قابلِ اعتماد اور محفوظ ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
لاہور میں یہ سروس ابتدا میں 100گاڑیوں کے ساتھ شروع کی ہے۔ اس میں شامل ہونے والے ٹیکسی ڈرائیورز کو اچھے کردار کا سرٹیفیکٹ کمپنی کے پاس جمع کروانا ہوگا۔
امید ہے کہ یہ سروس کراچی اور اسلام آباد میں آئندہ چند ماہ میں شروع کی جائے گی۔







