’اقتصادی راہداری کے خلاف مہمات سے آگاہ ہیں‘

،تصویر کا ذریعہReuters
- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان کی بّری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے خلاف چلائی جانے والی تمام مہمات سے آگاہ ہیں اور اس شاندار منصوبے کو حقیقت کا رنگ دینے کے لیے کسی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گی۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق جمعے کو چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبے پر کام کرنے والے افراد اور اس منصوبے کے تحفظ کے لیے قائم کیے گئے خصوصی سکیورٹی ڈویژن کے دورے کے موقعے پر جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ ایک گیم چینجر ثابت ہو گا۔
اُنھوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل کے لیے پرامن ماحول فراہم کیا جائے۔ آرمی چیف نے ہدایت کی کہ اس منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے علاوہ دوسرے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ بھی مسلسل رابطہ رکھا جائے تاکہ اس منصوبے کے ثمرات تمام لوگوں کو پہنچیں۔
خصوصی سکیورٹی ڈویژن کے سربراہ میجر جنرل عابد رفیق نے آرمی چیف کو چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبے کے سکیورٹی امور سے متعلق جنرل راحیل شریف کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر 10 کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ملک ظفر اقبال بھی موجود تھے۔
اس اقتصادی راہداری کے منصوبے پر کام کرنے والے افراد اور بلخصوص چینی باشندوں کی حفاظت کے لیے گذشتہ برس خصوصی سکیورٹی ڈویژن قائم کیا گیا تھا جس میں نو آرمی بٹالین جبکہ سول آرمڈ فورسز کی چھ بٹالین اس ڈویژن کا حصہ ہوں گی۔

اس سکیورٹی ڈویژن میں ایسے افراد کی اکثریت ہے جنھیں دہشت گردی کے واقعات سے نمٹنے کے لیے خصوصی تربیت دی گئی ہے۔
پاکستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی فورسز کو پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی حفاظت کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کے ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبے پر بنائی گئی پارلیمانی کمیٹی کا بند کمرے میں اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا جس میں کمیٹی کے ارکان کو اس منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







