کوہلی کے مداح کی درخواستِ ضمانت خارج

پنجاب کے ضلع اوکاڑہ کی ایک مقامی عدالت نے اپنے مکان پر بھارتی پرچم لہرانے کے الزام میں زیرِ حراست پاکستانی شہری عمر دراز کی درخواستِ ضمانت خارج کر دی ہے۔
اوکاڑہ کے نواحی گاؤں کے رہائشی عمر دراز کو پولیس نے 25 جنوری کو بھارت اور آسٹریلیا نے ٹی 20 میچ میں بھارت کی فتح کے بعد اپنے مکان پر بھارت کا جھنڈا لہرانے پر حراستمیں لیا تھا۔
پولیس نے ان کے خلاف نقصِ امن عامہ کی دفعہ 16 ایم پی او کے علاوہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 123 اے کے تحت بھی مقدمہ درج کیا ہے جس میں جرم ثابت ہونے پر زیادہ سے زیادہ دس برس قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
تاہم ملزم کا کہنا ہے کہ وہ بھارتی کرکٹر ویراٹ کوہلی کا مداح ہے اور اس نے بھارتی پرچم بھی ان کی ٹیم کی فتح پر لہرایا تھا۔
صحافی عبدالناصر خان کے مطابق عمر دراز کے خلاف درج ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ملزم ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہوا جس سے علاقے میں نقص امن کا خدشہ تھا۔
ملزم کے بھائی عارف علی کے مطابق ان کے بھائی پر ملکی سلامتی کے خلاف اقدامات کا الزام بےبنیاد ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے مقامی وکیل عظیم ایڈووکیٹ کی وساطت سے میجسٹریٹ انیق انور کی عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ عمردراز بھارتی کھلاڑی ویراٹ کوہلی کا مداح ہے اور پرچم لہرانے کے عمل میں بدنیتی یا غداری کا کوئی عنصر شامل نہیں تھا اور یہ سب کچھ لاعلمی اور انجانے میں ہوا۔

تاہم عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ملزم کے وکیل عظیم ایڈوکیٹ نے بتایا کہ وہ اس فیصلے کے خلاف سیشن کورٹ سے رجوع کریں گے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ اوکاڑہ صدر کے تھانے کے ایس ایچ او عزیز چیمہ نے بی بی سی اردو کے شہزاد ملک کو بتایا ہے کہمقدمے کے چالان میں انھوں نے ملزم کو ریاست مخالف سرگرمیوں کے معاملے میں بےگناہ قرار دیا ہے تاہم عدالت نے اس کے باوجود عمر دراز کی درخواستِ ضمانت منظور نہیں کی۔
درخواست خارج ہونے کے بعد ملزم کو دوبارہ جیل بھیج دیا گیا ہے اور 14 دن بعد انھیں دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عمر دراز کرکٹ کا اچھا کھلاڑی ہے اور ویراٹ کوہلی سے مشابہت کی وجہ سے بھی وہ اپنے دوستوں سے کہتا تھا کہ اسے کوہلی کے نام سے ہی پکارا جائے۔
ان کے مطابق ملزم زیادہ تر ویراٹ کوہلی کے نام کی ٹی شرٹ پہنے رکھتا تھا بلکہ اُس نے اپنے کمرے میں اپنی اور ویراٹ کوہلی کی تصاویر بھی ساتھ ساتھ لگا رکھی تھیں۔







