پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون امریکہ کے مفاد میں ہے: محکمۂ خارجہ

امریکہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون امریکہ کے مفاد میں ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان میں جاری آپریشن سےشدت پسندوں کو نقصان پہنچا ہے۔
جمعرات کو امریکہ محکمۂ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن امریکہ اور پاکستان سمیت پورے خطے کے مفاد میں ہے۔
محکمۂ خارجہ میں یومیہ بریفنگ کے دوران پاکستان کی دفاعی صلاحیت بڑھانے کے لیے ایف 16 لڑاکا طیارے دینے کے مجوزہ منصوبے کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہتھیاروں کی فروخت کے معاملے پر امریکہ سینیٹ میں ہونے والی کارروائی پر باقاعدہ نوٹیفکیشن آنے تک کچھ نہیں کہہ سکتے۔
لیکن انھوں نے واضح کیا کہ اپنے اتحادیوں کو سکیورٹی کے معاملات میں تعاون فراہم کرنے کے لیے ہم کانگریس کے ساتھ مل کر رہے ہیں۔
مارک ٹونر نے کہا کہ ’اتحادیوں کو درپیش چیلنجز میں اُن دفاعی صلاحیت کو بڑھانا امریکی خارجہ پالیسی کے مفاد میں ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن سے شدت پسندوں کے ٹھکانے متاثر ہوئے ہیں اور شدت پسندوں کی پاکستان کی سرزمین استعمال کرتے ہوئے افغانستان میں دہشت گرد حملے کرنے کی صلاحیت بھی کم ہوئی ہے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ خطے میں سب سے زیادہ دہشت گردی سے پاکستان متاثر ہو ہے۔ ’ہمیں یقین ہے کہ دہشت گردی کے نیٹ ورک کو تباہ کرنے میں پاکستان کی معاونت کرنا امریکہ کی قومی سلامتی کے حق میں ہے۔‘
امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ افغان میں قیامِ امن کے لیے پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور امریکہ افغان مصالحتی عمل میں پاکستان کے کردار کا معترف ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنی سر زمین دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے والے شدت پسندوں کے خلاف آپریشن کیا ہے۔ دہشت گردوں کے نیٹ ورک ختم کرنا اور انھیں تباہ کرنا خطے اور امریکی کی سکیورٹی کے مفاد میں ہے۔
اس سے قبل اوباما انتظامیہ نے 2016 کے لیے پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف کارروائی کے لیے ملنے والی رقم یعنی کولیشن سپورٹ فنڈ جاری رکھنے کے لیے کانگریس کے سامنے درخواست بھیج دی ہے لیکن اس کے بعد اس کے مستقبل پر کچھ بھی کہنے سے انکار کیا ہے۔
دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان امریکہ کا اہم اتحادی رہا ہے اور گذشتہ دہائی میں امریکہ نے پاکستان کو دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے اربوں ڈالر کی امداد بھی دی ہے۔







