پاکستان میں آرمی پبلک سکولز بھی 31 جنوری تک بند

آرمی پبلک سکول میں پڑھنے والے طلبہ کے اولدین کا کہنا ہے کہ ان کے بچوں کو منگل کو چھٹی کے بعد آگاہ کر دیا گیا تھا کہ سکول اگلے تین روز تک بند رہیں گے

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنآرمی پبلک سکول میں پڑھنے والے طلبہ کے اولدین کا کہنا ہے کہ ان کے بچوں کو منگل کو چھٹی کے بعد آگاہ کر دیا گیا تھا کہ سکول اگلے تین روز تک بند رہیں گے
    • مصنف, شہزاد ملک
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

پاکستان بھر میں فوج کے زیرِ انتظام چلنے والے آرمی پبلک سکولز اور گیریژن بورڈ کے تحت چلنے والے تعلیمی اداروں کو بھی 31 جنوری تک بند کر دیا گیا ہے۔

اس سے قبل حکومتِ پنجاب نے ’شدید سردی کی وجہ سے‘ صوبے کے تمام سرکاری اور نجی سکولوں میں 26 سے 31 جنوری تک بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

فوجی سکولوں کی بندش کے سلسلے میں حکام کا موقف ہے کہ ایسے تعلیمی اداروں کو تین روز کے لیے بند کرنے کا فیصلہ اس لیے کیا گیا کیونکہ ان اداروں میں تعلیمی نصاب اور امتحانات کا شیڈول پنجاب سے مطابقت رکھتا ہے۔

آرمی پبلک سکول میں پڑھنے والے طلبہ کے والدین کا کہنا ہے کہ ان کے بچوں کو منگل کو چھٹی کے بعد آگاہ کر دیا گیا تھا کہ سکول اگلے تین روز تک بند رہیں گے۔

ادھر لاہور سے صحافی محمد عاصم نصیر کے مطابق سکیورٹی خدشات کے باعث انجینیئرنگ یونیورسٹی کالاشاہ کاکو بھی 31 جنوری تک بند کی گئی ہے جبکہ صوبہ پنجاب میں 14 تعلیمی اداروں کو ناقص انتظامات پر سیل کر دیا گیا ہے۔

یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق کالا شاہ کاکو کیمپس کو سکیورٹی خدشات کے تحت فوری طور پر بند کر دیا گیا ہے تاہم باغبان پورہ لاہور میں انجینیئرنگ یونیورسٹی کے مین کیمپس میں تدریسی عمل جاری ہے۔

ترجمان نے کہا کہ کالا شاہ کاکو کیمپس کی سکیورٹی فول پروف بنانے کے لیے تیزی سے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

صوبہ پنجاب کے وزیرِ تعلیم رانا مشہود کا کہنا ہے کہ صوبے میں سکول محض سردی کی شدید لہر کی وجہ سے بند کیے گئے ہیں نہ کہ شدت پسندوں کے ممکنہ حملوں کی وجہ سے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب حکومت کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

محکمہ تعلیم پنجاب کے مطابق سرگودھا ڈویژن اور گوجرانوالہ ڈویژن کے 14 تعلیمی اداروں کو ناقص سکیورٹی انتظامات کے باعث نوٹس دے کر سیل کر دیا گیا ہے۔

محکمے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں کو کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کےلیے سخت حفاظتی انتظامات کرنے کا پابند کیا جا رہا ہےا ور جس سکول یا کالج کی جانب سے غفلت برتی گئی اس کی رجسٹریشن منسوخ کر کے اسے سیل کر دیا جائے گا۔

دوسری جانب پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے شہر چارسدہ میں شدت پسندوں کے حملوں کے بعد وزارتِ داخلہ کی جانب سے اسلام آباد، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے اعلیٰ حکام کو سرکاری اور نجی سکولوں کے اردگرد حفاظتی اقدامات مذید سخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ پبلک مقامات، ہوائی اڈوں اور دیگر حساس مقامات پر حفاظتی اقدمات مزید سخت کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔