پاکستان کا بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ

،تصویر کا ذریعہAP
پاکستان نے جمعے کو زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین سوم کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
بری فوج کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 2750 کلومیٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھنے والے میزائل نے بحیرۂ عرب میں مقررہ ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تجربے کا مقصد اس بیلسٹک میزائل کو ڈیزائن اور تکنیکی حوالوں سے ٹیسٹ کرنا تھا۔
بیان کے مطابق میزائل کے اس کامیاب تجربے کو سٹریٹیجک پلان ڈویژن، سٹیریٹیجک فورسز کے اعلیٰ افسران، سائنس دانوں اور انجینیئروں نے دیکھا۔
اس موقع پر سٹریٹیجک پلانز ڈویژن کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل مظہر جمیل نے اس تجربے کو ملک کی دفاعی قابلیت کو مضبوط کرنے میں اہم قدم قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے۔
یاد رہے کہ یہ اس سال شاہین سوم کا دوسرا تجربہ ہے۔ اس سے قبل مارچ میں بھی پاکستان نے جوہری اور روایتی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت کے حامل اس میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔
پاکستان کے صدر ممنون حسین اور وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے نئے میزائل کے کامیاب تجربے پر پاکستانی سائنس دانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







