ریلی نکالنے پر ایم کیو ایم کے رہنماؤں اور کارکنوں پر مقدمہ

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پولیس نے بلااجازت ریلی نکالنے پر متحدہ قومی موومنٹ کے نو رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
بی بی سی کو حاصل ہونے والی ایف آئی آر کے مطابق یہ مقدمہ سولجر بازار تھانے میں درج کیا گیا ہے۔
ایم کیو ایم نے جمعرات کو رینجرز کی جانب سے اپنے دفاتر پر چھاپوں کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی تھی۔
اس ریلی جس کا رُخ رینجرز ہیڈکواٹرز کی جانب تھا تاہم اسے مزار ِ قائد کے قریب نمائش چورنگی پر روک لیا گیا تھا اور انتظامیہ سے مذاکرات کے بعد ایم کیو ایم کے رہنما اور کارکنان وہیں سے منتشر ہوگئے تھے۔
ریلی کے دوران ایم کیو ایم کے کچھ کارکنان نے وہاں لگائی گئی رکاوٹیں عبور کرنے کی بھی کوشش کی تھی لیکن ایم کیو ایم کی قیادت نے انہیں روک لیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
نامہ نگار ریاض سہیل کے مطابق ریلی کے خاتمے کے بعد جمعرات کی شب سولجر بازار پولیس نے سرکاری مدعیت میں فاروق ستار، حیدر عباس رضوی، وسیم اختر، رؤف صدیقی اور فیصل سبزواری سمیت نو مرکزی رہنماؤں کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی سمیت متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔

،تصویر کا ذریعہGetty
اس ایف آئی آر میں ان افراد پر لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی، سڑک بند کرنے اور عوام کو تکلیف پہنچانے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
مقدمے میں سینکڑوں نامعلوم افراد کو بھی نامزد کیا گیا ہے جو اس ریلی کا حصہ تھے۔
خیال رہے کہ ریلی کے دوران بی بی سی کے حسن کاظمی سے بات کرتے ہوئے ایم کیوایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا کہ پانچ دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی مہم روکنے کے لیے ان پر دباؤ ڈالا جارہا ہے اور ان کے دفاتر پر چھاپے بھی اسی مہم کا حصہ ہیں۔
انھوں نے الزام لگایا کہ رینجرز نے گذشتہ روز بھی کورنگی سیکٹر آفس سے جن لڑکوں کو حراست میں لیا ان پر کوئی الزام نہیں۔
فاروق ستار کے مطابق کئی افراد کو حراست میں لے کر کچھ دن بعد چھوڑ دیا جاتا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ حراست کسی ٹھوس الزام کے بغیر ہوئی تھی۔







