کراچی میں مسلح افراد کی فائرنگ سے تین رینجرز اہلکار ہلاک

کراچی میں رینجرز کی کارروائیاں جاری ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنکراچی میں رینجرز کی کارروائیاں جاری ہیں

کراچی میں نامعلوم مسلح افراد نے ریجنرز اہلکار کی موبائل پر حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں تین اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

یہ حملہ جمعے کو کراچی کے علاقے بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں ہوا۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق حملہ آور ایک مسجد کو نشانہ بنانا چاہتے تھے اور رینجرز کے اہلکاروں نے مشتبہ افراد کو روکنے کی کوشش کی۔

حملے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے جمعے کی سہ پہر میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ حملہ آور دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے اور انھوں نے گولیاں مار کر رینجرز اہلکاروں کو ہلاک کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حملہ آور شاید مسجد کو نشانہ بنانے آئے تھے اور روکنے پر انھوں نے اہلکاروں پر حملہ کر دیا۔

انھوں نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور حملہ کرنے والے دہشت گرد اور ان کے مددگار جلد پکڑے جائیں گے۔

ڈی جی رینجرز نے بتایا کہ ’اس وقت گاڑی میں چار جوان تھے، جب کہ چار مزید اہلکار دو موٹر سائیکلوں پر تھے۔ حملے میں تین اہلکار ہلاک ہوئے اور ایک شدید زخمی ہے، ہم پیشہ ورانہ انداز میں واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ اس حملے میں ملوث افراد پکڑے جائیں گے۔‘