’اگر ظالم مسلمان ہے تو ہندو برادری کےساتھ کھڑا ہوں گا‘

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, ریاض سہیل
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کے وزیراعظم میاں نواز شریف نے ہندو برادری کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اگر ان پر ظلم ہوتا ہے اور ظالم مسلمان ہے تو وہ ہندو برادری کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
کراچی کے مقامی ہوٹل میں بدھ کو ہندو برادری کے مذہبی تہوار دیوالی کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ یہ ان کا فرض اور ذمہ داری ہے کہ اگر کوئی ظلم کا شکار ہے اس کا تعلق چاہے کسی بھی فرقے اور مذہب سے ہوں اس کی مدد کریں۔
انھوں نے کہا ’ہندو کے خلاف ظلم ہوتا ہے اور ظلم کرنے والا مسلم ہے تو میں مسلمان کے خلاف ایکشن لوں گا، جو ظلم کرتا ہے اس کے خلاف آپ کے ساتھ مل کر کھڑا رہوں گا میرا مذہب یہ ہی سکھتا ہے اور صرف اسلام نہیں ہر مذہب یہ ہی سکھاتا ہے کہ ظالم کا نہیں مظلوم کا ساتھ دو۔‘
میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ کئی لوگ کہتے ہیں اگلے جہاں میں حساب کتاب ہوگا لیکن پہلا حساب کتاب تو اسی دنیا میں ہوگا اگلے جہاں میں تو دوسرا حساب کتاب ہوگا۔
’ہم ایک قوم اور ملک ہیں۔ جتنا بھی ہو سکے اتحاد پیدا کریں ایک دوسرے کی مدد کریں، مسلمان ہندوؤں سے خوشیاں بانٹیں، ہندو مسلمانوں اور سکھوں سے، رب بھی اسی میں راضی ہے، رب اس میں راضی نہیں کہ ہم تفریق پیدا کریں۔‘

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان میں پہلی بار وزیراعظم نے ہندو برادری کے مذہبی تہوار میں شرکت کی ہے اور انھوں نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ انھیں رنگوں کے تہوار ہولی میں بھی شرکت کی دعوت دی جائے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
’میں اپنے دوستوں سے گلا کرتا تھا کہ اپنی خوشیوں میں مجھ کیوں نہیں بلاتے مجھے بھی خوشیوں میں شریک ہونے کا موقع دیں اور آئندہ اس جگہ بلائیں جہاں آپ تہوار مناتے ہیں اور جس طرح ایک دوسرے پر رنگ پھینکتے مجھے پر بھی پھینکے اس سے مجھ بڑے خوشی ہوگی۔‘
وزیر اعظم نے بھگت کنور رام میڈیکل کمپلیکس اور بابا گرو نانک گردوارے کی تعمیر کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ ہی ان کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو مٹھی اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان عمرکوٹ میں ہندو برداری کی خوشیوں میں شرکت کر رہے ہیں۔ دونوں شہروں میں ہندو آبادی کی ایک بڑی تعداد رہتی ہے اور دوسرے مرحلے میں بلدیاتی انتخابات بھی منعقد کیے جائیں گے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ ملک کی اہم جماعتوں کے سربراہ اس طرح دیوالی تقریبات میں شریک ہو رہے ہیں۔







