بلوچستان میں پولیو کے نئے کیس کی تصدیق

،تصویر کا ذریعہe
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پولیو کے ایک نئے کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔
محکمۂ صحت کے ذرائع کے مطابق پولیو کے نئے کیس کی تصدیق کوئٹہ کی یونین کونسل شادیزئی میں ہوئی۔
اس یونین کونسل میں پولیو سے متاثرہ ہونے والی ایک پانچ سالہ بچی ہے۔
نئے کیس کے بعد رواں سال کے دوران بلوچستان سے اب تک پولیو کے پانچ کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان پانچ میں سے تین کیسوں کی تصدیق کوئٹہ میں جبکہ ایک لورالائی اور ایک قلعہ عبد اللہ سے رپورٹ ہوئے۔
دریں اثناء کوئٹہ کے گندے پانی کے نکاس کے دو مزید نالوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔
محکمۂ صحت کے ذرائع کے مطابق نکاسی آب کے جن دو نالوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ان کے نمونے جامعہ سلفیہ اور سور پل کے علاقوں سے لیے گئے تھے۔
اس سے قبل تختانی بائی پاس کے علاقے میں شہر کے گندے پانی کے ایک اور بڑے نالے میں پولیو کا وائرس پایا گیا تھا۔
کوئٹہ شہر کے ماحول میں بڑے پیمانے پر پولیو وائرس کی موجودگی کے باعث شہر کی تمام 61 یونین کونسلوں کو ہائی رسک قرار دیا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہAP
اگرچہ بلوچستان کے وزیرِ صحت رحمت بلوچ ماحولیاتی وائرس کی موجودگی کی تصدیق کرتے ہیں لیکن ان کا کہنا ہے کہ جس بڑے پیمانے پر یہ موجود ہے حکومتی اقدامات کے نتیجے میں اس شرح سے بچے متاثر نہیں ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم خود یہ نمونے بھیجتے رہتے ہیں تاکہ حکومت پولیو کے حوالے سے الرٹ رہے اور اس کے خلاف اقدامات کا سلسلہ جاری رہے۔
پولیو کی روک تھام سے متعلق اداروں کے ذرائع کے مطابق رواں سال کے دوران نہ صرف دوسرے اضلاع کے مقابلے میں کوئٹہ شہر سے پولیو کے زیادہ کیس زیادہ سامنے آئے ہیں بلکہ شہر کے ماحول میں پولیو کا وائرس بھی موجود ہے۔
ذرائع کے مطابق اس کے باوجود کوئٹہ شہر میں پولیو کے خلاف مہم کو دو مرتبہ ملتوی کیا گیا۔
رحمت بلوچ کا کہنا ہے کہ یہ مہمات سیکورٹی خدشات کی وجہ سے ملتوی کی گئیں لیکن آئندہ مہم مؤثر انداز سے چلائی جائے گئی ۔ صوبائی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ یہاں پولیو کے خاتمے میں ایک بڑی رکاوٹ افغانستان سے لوگوں کی بڑی تعداد میں نقل و حمل ہے ۔







