بنوں میں ایک پولیس اہلکار ہلاک، پشاور سے 13 افغان باشندے گرفتار

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, عزیز اللہ خان
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ایک پولیس اہلکار کو ہلاک کر دیا ہے جبکہ پشاور میں پولیس نے 13 افغان باشندوں کو فارن ایکٹ کے تحت گرفتار کر لیا ہے۔
بنوں پولیس کے مطابق بدھ کی صبح پولیس اہلکار ڈیوٹی کے بعد تیل منڈی میں ناشتہ کرنے کے لیے ہوٹل پر بیٹھا تھا کہ اس دوران موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد نے فائرنگ شروع کر دی۔
اس حملے میں پولیس اہلکار صوبیدار خان ہلاک ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق صوبیدار خان رات کی ڈیوٹی پر تھے اور صبح چھ بجے ان کی ڈیوٹی ختم ہو گئی تھی۔ پولیس نے بتایا کہ صوبیدار خان کی خاندانی دشمنی بھی ہے لیکن اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ یہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا ہے یا پرانی دشمنی کی بنیاد پر حملہ کیا گیا ہے۔
بنوں میں اس سے پہلے بھی پولیس اہلکاروں، پولیس تھانوں اور سنٹرل جیل پر حملے ہو چکے ہیں۔
گذشتہ روز پشاور میں نامعلوم افراد نے پولیس کے اے ایس آئی محمد حسین کی گاڑی پر فائرنگ کی تھی جس سے ڈرائیور ہلاک اور اے ایس آئی زخمی ہو گئے تھے۔ یہ واقعہ تھانہ چمکنی کی حدود میں پیش آیا تھا۔
اس کے علاوہ کل اندرون پشاور شہر حیدری چوک کے قریب نامعلوم افراد نے ایک آٹو رکشہ پر فائرنگ کی جس سے ایک نوجوان ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق اس حملے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی اس لیے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہbbc
پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تہکال اور مچنی کے علاقوں میں سرچ آپریشن کیا ہے جہاں سے 13 ایسے افغان باشنوں کو گرفتار کیا گیا ہے جن کے پاس پاکستان میں رہنے کی سفری دستاویز نہیں تھیں۔
تہکال پولیس کے مطابق 20 ایسے افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جو کرائے کے مکانوں میں رہتے تھے اور پولیس کے پاس ان کی رجسٹریشن کی دستاویزات نہیں تھیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پشاور میں کرائے کے مکان میں رہنے والے افراد کی متعلقہ پولیس تھانوں میں رجسٹریشن کرانا ضروری ہے اور اس کے خلاف ورزی کرنے والے افراد کو قید اور جرمانے کی سزائیں دی جاتی ہیں۔ ادھر گذشتہ چند روز کے دوران کوہاٹ شہر میں بھی پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیے ہیں جن میں افغان باشندوں کے علاوہ درجنوں دیگر مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔







