پاکستان میں زلزلے کے جھٹکے

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے گرد ونواح کے علاقوں میں جمعے اور سنیچر کی درمیانی شب زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
خبررساں ادارے روئٹرز نے امریکی ارضیاتی سروے کے حوالے سے بتایا ہے کہ ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 5.1 ریکارڈ کی گئی ہے۔
اسلام آباد کے علاوہ زلزلے کے جھٹکے صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بھی محسوس کیے گئے ہیں۔سرکاری ٹی وی کے مطابق زلزلے کے جھٹکے لاہور، گوجرانولہ، راولپنڈی، مری، پشاور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، مردان، صوابی، بلگرام، کوہستان کے علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔
پاکستانی وقت کےمطابق زلزلہ جمعے کی شب ایک بج کر 59 منٹ پر محسوس کیا گیا اور اس کا دورانیہ چند سیکنڈ تھا۔
امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز اسلام آباد کے شمال مشرق میں تقریباً 15 کلومیٹر کے فاصلے پر زمین کی سطح سے 26 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔
ابتدائی طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
واضح رہے کہ پاکستان کے کچھ علاقوں میں یوریشیئن اور انڈین ٹیکٹونک پلیٹیں آپس میں ٹکراتی ہیں جس کی وجہ سے اکثر زلزلے آتے رہتے ہیں۔
ملک کے شمالی علاقوں اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 8 اکتوبر 2005 کو 7.6 کی شدت کے زلزلے سے 73 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ستمبر 2013 میں پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں 7.7کی شدت کے زلزلے سے تقریباً چار سو افراد ہلاک اور ہزاروں کی تعداد میں بے گھر ہوگئے تھے۔







