ڈیرہ اسماعیل خان میں شیعہ رہنما کی ٹارگٹ کلنگ

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
- مصنف, عزیزاللہ خان
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ایک مقامی شیعہ رہنما کو ہلاک کر دیا ہے ۔
یہ واقعہ رات گئے ڈیرہ اسماعیل خان سے 40 کلومیٹر دور پرووآ گاؤں کے قریب پیش آیا۔
پولیس کے مطابق مختیار حسین نامی رہنما اپنے گھر کے باہر سڑک پر پیدل جا رہے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار افراد نے ان پر فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہوگئے۔
ڈیرہ اسماعیل خان کے ضلعی پولیس افسر صادق حسین نے بتایا کہ یہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مختیار حسین اہلِ تشیع کی ایک مقامی تنظیم صدائے حسین کے رہنما تھے۔
پولیس نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں اس سے پہلے بھی فرقہ وارانہ تشدد کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں۔
ڈی پی او صادق حسین کا کہنا ہے کہ علاقے میں دیسی ساختی بموں کے دھماکوں کا سلسلہ تو رک گیا ہے لیکن کبھی کبھار ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پیش آ جاتے ہیں جن کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ٹارگٹ کلنگ کے واقعات صوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں پیش آتے رہے ہیں لیکن حکام کا کہنا ہے کہ ماضی کی نسبت ان میں بڑی حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔
تاہم پشاور میں شیعہ رہنما صاحبزادہ مظفر کا کہنا ہے کہ اس سال اب تک صرف پشاور میں تشدد کے واقعات میں نو شیعہ افراد کو مارا گیا ہے جن میں دو بھائی بھی شامل ہیں۔







