کوئٹہ میں تیزاب کے حملے سے دو خواتین زخمی

زخمی ہونے والی دونوں خواتین کا تعلق مسیحی برادری سے ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنزخمی ہونے والی دونوں خواتین کا تعلق مسیحی برادری سے ہے
    • مصنف, محمد کاظم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں تیزاب پھینکنے کے واقعے میں دو خواتین زخمی ہو گئی ہیں۔

تیزاب پھینکنے کا واقعہ جمعے کو شہر کے کاسی روڈ کے علاقے میں پیش آیا۔

مقامی پولیس کے ایک اہلکار کے مطابق جمعے کو ایک لڑکی سمیت دو خواتین کاسی روڈ سے گزر رہی تھیں جہاں ان پر نامعلوم افراد نے تیزاب پھینکا۔

تیزاب کے باعث دونوں خواتین کے چہرے، ہاتھ اور پیر جھلس گئے۔

زخمی ہونے والی دونوں خواتین کا تعلق مسیحی برادری سے ہے۔ خواتین نے تیزاب پھینکنے والے ملزم کی نشاندہی کی۔

زخمی ہونے والی خواتین کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق زخمیوں سے ایک کا چہرہ 30 فیصد جبکہ دوسری کا چہرہ 15 فیصد متاثر ہوا ہے۔

سی سی پی او کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے بتایا کہ خواتین پر تیزاب پھینکنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس سے تفتیش جاری ہے۔

رواں سال کوئٹہ میں تیزاب پھینکنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل سریاب کے علاقے میں تیزاب پھینکنے کے باعث تین افراد زخمی ہوئے تھے۔

پاکستان میں خواتین پر تیزاب پھینکنے کے واقعات کئی سالوں سے پیش آ رہے ہیں۔

گذشتہ سال کے غیر سرکاری اعداد و شمار کے مطابق خواتین پر تیزاب پھینکے جانے کے کم سے کم 160 واقعات رپورٹ ہوئے تاہم غیر سرکاری اداروں کا موقف ہے کہ اصل تعداد اس سےکہیں زیادہ ہے۔