’حکمران جماعت نے مبینہ دھاندلی کی منصوبہ بندی کی‘

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان تحریک انصاف نے سنہ 2013 کے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کا ذمہ دار حکمراں جماعت مسلم لیگ نواز کو قرار دیتے ہوئے کہا اس جماعت کے سیاسی ونگ نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی منصوبہ بندی کی تھی۔
پی ٹی آئی کی جانب سے بدھ کو سنہ 2013 کے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحققیات کرنے والے سپریم کورٹ کے تین رکنی عدالتی کمیشن کے سامنے جمع کروائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ حکمراں جماعت نے پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں دھاندلی کی منصوبہ بندی کی اور اس حوالے سے بیوروکریسی نے ان کی معاونت کی تھی۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عدالتی کمیش میں جمع کروائے جانے والے جواب میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گذشتہ عام انتخابات کی مبینہ دھالندلی میں الیکشن کمیشن کے اہل کاروں کے علاوہ ریٹرنگ افسران اور پریزائیڈنگ افسران بھی شامل ہیں۔
عوامی نیشنل پارٹی کے علاوہ حکمراں اتحاد میں شامل جمیعت علمائے اسلام (فضل الرحمن گروپ) نے صوبہ خیبر پختون خوا میں بھی دھاندلی کے الزامات عائد کیے ہیں۔
اس سے پہلے پاکستان تحریک انصاف سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری اور سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج خلیل الرحمن رمدے کو انتخابات میں دھاندلی کا ذمہ دار قرار دیتی رہی ہے جبکہ اس جماعت کی جانب سے عدالتی کمیشن میں جن گواہوں کی فہرست پیش کی گئی ہے اس میں ان دونوں شخصیات کے نام نہیں ہیں۔
پاکستان میں گذشتہ عام انتخابات میں مبینہ دھالندلی کے حوالے سے متعدد سیاسی جماعتوں نے بھی عدالتی کمیشن کے سوالوں کے جواب جمع کروائے ہیں جن میں مخصوص حلقوں میں دھاندلی کے بارے میں کہا گیا ہے۔
ادھر عدالتی کمیشن کے سربراہ چیف جسٹس ناصر الملک نے میڈیا اور سیاسی جماعتوں کو کمیشن کی کارروائی پر تبصرہ کرنے سے روک دیا ہے۔ عدالتی کمیشن کا کہنا تھا کہ میڈیا کمیشن کی کارروائی کو رپورٹ کرے لیکن ان پر تبصرہ نہ کرے۔
عدالتی کمیشن کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اس کمیشن کی کارروائی بند کمرے میں بھی کی جا سکتی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
چیف جسٹس نے کمیشن کے کام کرنے کے طریقۂ کار طے کرنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں سے ایک ایک نمائندے کا نام بھی طلب کیا ہے۔







