لورالائی میں پولیس پر حملہ، اہلکاروں سمیت تین ہلاک

- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع لورالائی میں نامعلوم افراد نے حملہ کر کے دو پولیس اہلکاروں سمیت تین افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔
مقامی پولیس کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کی شب پیش آیا جب مارکھان پولیس کیمپ سے لورالائی آنے والے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک شدگان میں ایک ایس ایچ او بھی شامل ہے۔
اطلاعات کے مطابق مسلح افراد نے پولیس اہلکاروں کی گاڑی پر چیچلو کے علاقے میں فائرنگ کی جس سے اسے شدید نقصان پہنچا۔
فائرنگ سے گاڑی میں سوار دو پولیس اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ ایک نامعلوم شخص بھی فائرنگ کا نشانہ بنا۔
زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
تاحال کسی تنظیم یا فرد نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
یہ رواں ماہ ضلع لورالائی میں پولیس اہلکاروں پر ہونے والا دوسرا حملہ ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس سے قبل تین مارچ کو اسپیرہ راغہ کے علاقے میں ضلعی پولیس کے سربراہ کی گاڑی پر بھی فائرنگ کی گئی تھی جس سے ان کے دو محافظ ہلاک اور وہ خود زخمی ہوگئے تھے۔
ڈی پی او پر حملے کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی تھی۔
لورالائی بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے شمال مشرق میں اندازاً 160 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور یہاں کی آبادی مختلف پشتون قبائل پر مشتمل ہے۔







