بلوچستان میں پی ٹی سی ایل کے مغوی اہلکار بازیاب

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی (پی ٹی سی ایل ) کے پانچ مغوی اہلکاروں کو بازیاب کر لیا گیا ہے۔
فرنٹیئر کور بلوچستان کے ترجمان کے مطابق ان اہلکاروں کو ایک آپریشن کے دوران بدھ کے روز بازیاب کرایا گیا۔
پی ٹی سی ایل کے ان پانچ ملازمین کو دو ہفتے قبل قلعہ سیف اللہ کے علاقے گوال اسماعیل زئی سے اغوا کیا گیا تھا۔
یہ اہلکار اس علاقے میں ایک ٹاور کی مرمت کے لیے گئے تھے جن میں دو انجینیئر بھی شامل تھے۔
فرنٹیئرکور بلوچستان کے ترجمان کے مطابق پی ٹی سی ایل کے اہلکاروں کی بازیابی کے لیے آپریشن قلعہ سیف اللہ میں افغانستان کے سرحد کے قریب کانونکی کے علاقے میں کیا گیا جہاں سے ایف سی کے ترجمان کے مطابق پانچوں اہلکاروں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔
قلعہ سیف اللہ اور اس سے متصل ژوب کے علاقے میں اس سال کے اوائل سے اغوا کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
رواں سال کے دوران اب تک دونوں اضلاع سے مجموعی طور پر 20افراد کو اغوا کیا گیا جن میں ژوب سے اغوا ہونے والے ایک پولیو ورکر اور لیویز فورس کے دو اہلکاروں سمیت چار افراد بھی شامل تھے۔
پولیو ورکر اور لیویز فورس کے دونوں اہلکاروں کو منگل کے روز ہلاک کر کے ان کی لاشیں تودہ کبزئی کے علاقے میں پھینک دی گئی تھیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جبکہ قلعہ سیف اللہ سے چار فروری کو دس مسافروں کو بھی اغوا کیا گیا تھا جن میں سے ایک کو ہلاک کرنے کے علاوہ چھ کو چھوڑ دیا گیا تھا۔







