ڈیرہ بگٹی میں سات شرپسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ

،تصویر کا ذریعہAFP Getty

    • مصنف, محمد کاظم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں فرنٹیئر کور نے ایک کارروائی کے دوران سات شرپسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔

کوئٹہ میں فرنٹیئر کور کی جانب سے بدھ کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ آپریشن پیر کوہ کے علاقے میں کیا گیا۔

بیان کے مطابق حیدرو نالہ کے علاقے میں مسلح افراد کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملی تھی جس پر سرچ آپریشن کیا گیا۔

فرنٹیئر کور کا کہنا ہے کہ اس آپریشن کے دوران ایف سی کے اہلکاروں اور مسلح شرپسندوں کے درمیان کئی گھنٹوں تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں سات مسلح شرپسند ہلاک ہوگئے تاہم ایف سی اہلکاروں کو کوئی نقصان پہنچنے یا نہ پہنچنے کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی گئی ہے۔

ایف سی کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی بر آمد کیا گیا ہے۔

بیان میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد عرصہ دراز سے سکیورٹی فورسز پرحملوں ،گیس پائپ لائنوں کی تباہی، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور ترقیاتی منصوبوں میں رخنہ ڈالنے کی سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔

ہلاک شدگان پر لگائے جانے والے ان الزامات کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔