بلوچستان میں دھماکے اور فائرنگ، چار افراد ہلاک

ڈیرہ بگٹی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک شخص ہلاک اور تین زخمی ہوگئے

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنڈیرہ بگٹی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک شخص ہلاک اور تین زخمی ہوگئے

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دو مختلف علاقوں میں بارودی سرنگوں کے دھماکے اور فائرنگ کے واقعات میں ایک خاتون سمیت چار افراد ہلاک جبکہ تین زخمی ہوئے ہیں۔

بارودی سرنگ کے دھماکے کا واقعہ جمعہ کے روز ڈیرہ بگٹی میں پیش آیا۔

پولیس کے ایک اہلکار کے مطابق نامعلوم افراد نے ڈیرہ بگٹی ٹاؤن کے قریب سم سر کے علاقے میں بارودی سرنگ بچھائی تھی۔ بارودی سرنگ اس وقت پھٹ گئی جب چار افراد وہاں سے گزر رہے تھے۔

بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک شخص ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونے والے شخص کا تعلق امن فورس سے بتایا جاتا ہے۔

دوسری جانب فائرنگ سے ہلاکتوں کا واقعہ ایران سے متصل ضلع پنجگور کے علاقے پروم میں پیش آیا۔

پنجگور میں لیویز فورس ذرائع کے مطابق اس علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک گھر پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں گھر کے اندر موجود ایک خاتون سمیت تین افرادہلاک ہوگئے۔

تاہم واقعے کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے۔

دوسری جانب پنجگور سے متصل ضلع کیچ سے گذشتہ روز تین افراد کی لاشیں بھی بر آمد کی گئیں۔ ان میں سے دو افراد کی لاشیں شکرو کے علاقے سے ملیں جن کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ہلاک کیا تھا۔

دونوں افراد کی شناخت ہوگئی ہے اور اس واقعے کی ذمہ داری کالعدم عسکریت پسند تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ نے قبول کی ہے۔

تنظیم کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہلاک کیے جانے والے افراد حکومتی اداروں کے لیے کام کرتے تھے۔

تیسری لاش بل نگور کے علاقے سے بر آمد ہوئی جوکہ ناقابل شناخت تھی۔