ڈیرہ بگٹی: بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایف سی کا کیپٹن ہلاک

،تصویر کا ذریعہbbc
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں فرنٹیئر کور کا ایک کپتان ہلاک اور دو اہلکار زخمی ہو گئے۔
ضلع میں ایک گیس پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑانے کے علاوہ وہاں سے ایک تشدد زدہ لاش بھی بر آمد ہوئی ہے۔
ایف سی کی گاڑی کی بارودی سرنگ سے ٹکرانے کا واقعہ اتوار کو ڈیرہ بگٹی کے علاقے گنڈوئی میں پیش آیا سرکاری ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد نے اس علاقے میں بارودی سرنگ بچھائی تھی۔
دھماکے سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور اس میں سوار ایف سی کا ایک کپتان ہلاک اور دو اہلکار زخمی ہوئے۔
ایک اور واقعے میں ڈیرہ بگٹی میں نامعلوم افراد نے ایک اورگیس پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد سے نقصان پہنچایا۔
ڈیرہ بگٹی میں مقامی انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد نے ضلع کے علاقے پیر کوہ سے سوئی پلانٹ کو گیس فراہم کرنے والی 24انچ قطر کے ایک گیس پائپ لائن کے ساتھ دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا ۔
دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے پائپ لائن کے کچھ حصے کو نقصان پہنچا جس کی وجہ سے اس سے پلانٹ کو گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔
ایف سی کی گاڑی اور گیس پائپ لائن کو نشانہ بنانے کی ذمہ داری کالعدم عسکریت پسند تنظیم بلوچ رپبلکن آرمی نے قبول کی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ڈیرہ بگٹی سے ہی ایک شخص کی تشدد زدہ لاش بھی بر آمد ہوئی ہے ۔
ذرائع کے مطابق لاش کی شناخت ہوچکی ہے جو کہ ضلع سے تعلق رکھنے والے مقامی شخص کی ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ شخص گزشتہ ایک ڈیڑھ سال سے لاپتہ تھا جسے نامعلوم افراد نے ہلاک کرنے کے بعد اس کی لاش سوناری مٹ کے علاقے میں پھینک دی تھی۔
ادھر ضلع آواران کے علاقے مشکے میں فائرنگ کے واقعے میں سرکاری اسکول ایک ٹیچر ہلاک ہوا ہے۔
آواران میں ضلعی انتظامیہ کے ایک اہلکار نے اس واقعے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ٹیچر کو نامعلوم افراد نے ضلع کی تحصیل مشکے کے علاقے النگی میں فائرنگ کرکے ہلاک کیا۔
فائرنگ میں مارے جانے والے اسکول ٹیچر کی شناخت محمد عالم کے نام سے ہوئی ہے۔







