بلوچستان کے کربلا میں دم گھٹنے سے نو افراد ہلاک

علاقے کے لوگوں کے مطابق بجلی نہ ہونے کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنعلاقے کے لوگوں کے مطابق بجلی نہ ہونے کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا
    • مصنف, محمد کاظم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع پشین میں دم گھٹنے سے خواتین اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے نو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

یہ واقعہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب پشین شہر کے شمال مغرب میں واقع گاؤں ’کربلا‘ میں پیش آیا۔

پشین میں لیویز فورس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے گاؤں کے ایک گھر کے مکینوں نے گھر کو روشن رکھنے اور موبائل فون وغیرہ کو چارج کرنے کے لیے بجلی کا جنریٹر چلایا تھا۔

اہلکار نے بتایا کہ جنریٹر کو ایک غسل خانے میں رکھا گیا تھا تاہم مکین رات سونے سے پہلے جنریٹر کو بند کرنا بھول گئے تھے۔

رات دیر تک چلنے کی وجہ سے اس سے خارج ہونے والی گیس اس کمرے میں داخل ہوئی تھی جہاں نو افراد سوئے ہوئے تھے۔

اہلکار کے مطابق زہریلی گیس سے دم گھٹنے کے باعث کمرے میں سوئے تمام افراد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں چھ بچے اور تین خواتین شامل ہیں۔

پشین میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے جس میں ایک ہی خاندان کے نو افراد ہلاک ہوئے۔

علاقے کے مکینوں نے اس واقعے کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے پیش آیا ہے۔

علاقے کے ایک مکین سید اکرم آغا نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والے خاندان کے ہان مہمان آئے تھے جس کے باعث انھوں نے جنریٹر چلایا تھا۔

علاقے کے بعض دیگر مکینوں نے محکمہ صحت کو بھی ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ اگر گاؤں میں طبی مرکز کام کر رہا ہوتا تو شاید ان میں سے بعض لوگ بچ سکتے تھے۔