پشین میں خسرے سے 8 بچے ہلاک، قلعہ عبداللہ میں پولیو کا نیا کیس

،تصویر کا ذریعہEPA
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع پشین کے تحصیل برشور میں خسرے سے 8 بچے ہلاک ہوئے ہیں جبکہ قلعہ عبداللہ میں پولیو کے ایک اور کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔
یہ بات یونین کونسل برشور کے چیئرمین عبدالولی کاکڑ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتائی۔
ان کا کہنا تھا کہ خسرے سے بچوں کی ہلاکتیں ضلع پشین کے علاقے برشور اور گردونواح کے علاقوں میں ہوئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ برشور اور گردونواح کے علاقوں میں بڑی تعداد میں بچے خسرے سے متاثر ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اب تک بچوں میں 7کی ہلاکت یونین کونسل خلجی جبکہ ایک کی ہلاکت یونین کونسل برشور میں ہوئی ہے۔
یونین کونسل کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ویکسینیشن اور علاج معالجے کی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے بچوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
اس سلسلے میں محکمۂ صحت کا موقف جاننے کے لیے ڈائریکٹر جنرل محکمۂ صحت بلوچستان سے دو مرتبہ فون پر رابطہ کیا گیا۔
دفتر کے اہلکاروں نے بتایا کہ وہ کراچی میں ایک اجلاس میں مصروف ہیں جس کے باعث محکمے کا موقف معلوم نہیں ہوسکا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ادھر ضلع پشین سے متصل قلعہ عبد اللہ میں پولیو کے ایک اور کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔
محکمۂ صحت کے ذرائع کے مطابق پولیو کے وائرس کی تصدیق دو سال کی ایک بچی میں ہوئی ہے۔
محکمۂ صحت کے ذرائع کا دعویٰ ہے کہ یونین کونسل دامان عشے زئی کے رہائشی متاثرہ بچی کے والدین نے پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کیا تھا۔







