78 لاکھ نئے ووٹرز کے اندراج کا آغاز جلد کیا جائے گا: الیکشن کمیشن

آغاز میں خیبر پختونخواہ میں بارہ لاکھ نئے ووٹروں کا اندراج ہو گا جس کے بعد اس سکیم کو پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں بھی جاری کیا جائے گا اور ملک بھر میں تقریباً اٹھہتر لاکھ نئے شناختی کارڈ والے ووٹر شامل کیے جائیں گے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنآغاز میں خیبر پختونخواہ میں بارہ لاکھ نئے ووٹروں کا اندراج ہو گا جس کے بعد اس سکیم کو پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں بھی جاری کیا جائے گا اور ملک بھر میں تقریباً اٹھہتر لاکھ نئے شناختی کارڈ والے ووٹر شامل کیے جائیں گے

پاکستان الیکشن کمیشن نے سوموار کو اعلان کیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات سے قبل تقریباً بارہ لاکھ نئے شناختی کارڈ حاصل کرنے والوں کو ووٹر لسٹ میں شامل کیا جائے گا۔

سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں ووٹر لسٹوں پر نظر ثانی، نئے ووٹروں کی شمولیت اور ایسے ناموں کا انخلا جو وفات پا چکے ہوں یا پھر شہریت ختم ہونے یا شناختی کارڈ منسوخ ہونے کے باعث نااہل ہو چکے ہوں زیرِ بحث رہے۔

یاد رہے کے خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات مئی 2015 میں متوقع ہیں۔

آغاز میں خیبر پختونخواہ میں بارہ لاکھ نئے ووٹروں کا اندراج ہو گا جس کے بعد پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں بھی نئے ووٹرز کا اندراج کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں تقریباً 78 لاکھ نئے شناختی کارڈ والے ووٹر شامل کیے جائیں گے۔

نادرہ نے یہ نئے شناختی کارڈ 2013 کے عام انتخابات کے بعد جاری کیے ہیں۔

نئی ووٹر لسٹوں میں سے تقریباً پانچ لاکھ ایسے افراد کے نام حذف بھی کیے جائیں گے جو یا تو وفات پا چکے ہیں یا پھر کسی اور وجہ سے نا اہل قرار دیے جا چکے ہوں۔