سینیٹ الیکشن کا شیڈیول تبدیل، ووٹنگ اب پانچ مارچ کو ہوگی

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان کے الیکشن کمیشن نے ملک کے ایوان بالا یعنی سینیٹ کے انتخابات کا شیڈیول تبدیل کر دیا ہے اور اب یہ انتخابات تین مارچ کی بجائے پانچ مارچ کو ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات کی تاریخوں میں تبدیلی لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کی گئی ہے جو عدالت عالیہ نے گیارہ فروری کو ایک درخواست کی سماعت کے بعد دیا۔
نئے شیڈیول کے تحت جمع کروائے گئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 19 اور 20 فروری کو ہوگی۔
کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کی صورت میں درخواستیں 23 اور 24 فروری کو الیکشن کمیشن کے سیکرٹری اور صوبائی الیکشن کمشنر کے پاس جمع کروائی جاسکتی ہیں جبکہ ان اپیلوں پر فیصلہ 26 اور 27 فروری کو سنایا جائے گا۔
کاغدات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 28 فروری ہے جبکہ اسی روز امیدواروں کی حتمی فہرست شائع کردی جائے گی۔
پارلیمنٹ ہاؤس اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں سینیٹ کے انتخابات کے لیے پولنگ پانچ مارچ کو ہوگی۔
پانچ مارچ کو سینیٹ کی 52 نشستوں کے لیے انتخاب ہونا ہے۔
آئینِ پاکستان کے تحت صوبوں، اسلام آباد اور فاٹا سے تعلق رکھنے والے سینیٹ کے نصف ارکان ہر تین سال بعد ریٹائر ہوتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایوانِ بالا میں اس وقت سب سے زیادہ نشستیں پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس ہیں جس کے اراکین کی تعداد 40 ہے اور اس میں سے 21 اراکین 11 مارچ کو ریٹائر ہو جائیں گے۔
حکمران جماعت مسلم لیگ ن کے اراکینِ سینیٹ کی تعداد 16 ہے جن میں سے آٹھ کی نشستیں خالی ہو رہی ہیں۔







