چین اور پاکستان بہترین شراکت دار ہیں: چینی وزیرِ خارجہ

چین کے وزیرِ خارجہ وانگ یی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین بہترین شراکت دار ہیں اور چین کے صدر رواں سال ہی پاکستان کا دورہ کریں گے۔
جمعرات کو دو روزہ دورے پر پاکستان آمد کے بعد چینی وزیر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نو برس میں کسی چینی سربراہ مملکت کا یہ پہلا دورۂ پاکستان انتہائی اہم ہو گا۔
نامہ نگار ہارون رشید کے مطابق وانگ یی نے دورے کی حتمی تاریخ تو نہیں بتائی تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ کسی بھی چینی صدر کا پاکستان کا گذشتہ نو برسوں میں پہلا دورہ ہو گا۔
پاکستان کی بظاہر خواہش ہے کہ چینی صدر آئندہ ماہ یوم پاکستان کے موقعے پر اسلام آباد کا دورہ کریں۔
خیال رہے کہ چینی صدر نے گذشتہ برس پاکستان آنا تھا تاہم دارالحکومت میں جاری دھرنوں کی وجہ سے ان کا دورہ ملتوی ہوگیا تھا۔
چینی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ پاک چین تعلقات کے تناظر میں چینی صدر کا دورۂ پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اعتماد کی اعلیٰ فضا قائم ہے اور دونوں ایک دوسرے کے بہترین شراکت دار ہیں۔
چینی وزیر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور سکیورٹی تعاون انتہائی اہم ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
افغانستان کا ذکر کرتے ہوئے چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر افغانستان میں فریق چین کی مدد چاہیں گے تو وہ اپنی خدمات فراہم کرتا رہے گا۔

’ہم تمام متحارب گروہوں بشمول طالبان کے درمیان مصالحت کی حمایت جاری رکھیں گے۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ افغانستان سے ایساف کے انخلا کے بعد یہ ملک ایک انتہائی اہم دور میں داخل ہو رہا ہے اور افغانستان کی آزادی اور خودمختاری کا خیال رکھنے کے ساتھ ساتھ بیرونی دنیا کو وہاں طرز حکمرانی کی بہتری کے لیے بھی کوشش کرنا ہو گی۔
پاکستان میں پچھلے دنوں پاکستان چین راہداری منصوبے سے متعلق متنازع بیانات کے تناظر میں چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ اس منصوبے سے تمام پاکستان کا فائدہ ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سے پاکستان میں ٹرانسپورٹ، انفراسٹرکچر اور دیگر متعلقہ منصوبوں سے تمام لوگوں کا معاشی فائدہ ہو گا۔
وانگ یی نے کہا کہ ’اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے میں وقت ضائع نہیں کیا جا رہا۔ اس سے متعلقہ منصوبوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے اور ایسے منصوبوں میں وقت لگتا ہے۔‘
چین کے وزیر خارجہ نے کہا کہ سرتاج عزیز سے ملاقات میں باہمی تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوئی اور مختلف معاملات پر اتفاق کیاگیا۔
اس موقعے پر پاکستانی مشیرِ خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان اور چین دہشت گردی کے خاتمے کے لیے متفق ہیں اور چین نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کے اقدامات کو سراہا ہے۔
قبل ازیں وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات میں مشیرِ خارجہ سرتاج عزیز نے پاکستانی جبکہ چینی وفد کی قیادت وزیر خارجہ وانگ یی نے کی جس میں فریقین نے دو طرفہ تعلقات خصوصاً اقتصادی تعاون کے تمام پہلوؤں پر غور کیا۔







