ایسٹ ترکستان موومنٹ کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے: پاکستان

،تصویر کا ذریعہAFP
چین کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف نے چین کو یقین دلایا ہے کہ پاکستان ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گا۔
چین کی خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق یہ بات وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف اور چین کے صدر شی جن پنگ کے درمیان ملاقات کے بعد ایک اعلامیے میں کہی گئی ہے۔
بیان کے مطابق نواز شریف نے چین کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں اور کمپنیوں کو مکمل تحفظ فراہم کریں گے۔
واضح رہے کہ چین پاکستان پر کافی عرصے سے دباؤ ڈال رہا ہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں پناہ لیے ہوئے سنکیانگ کے شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کرے۔
چینی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان 20 سے زیادہ معاہدے ہوئے ہیں جن میں ایٹمی ری ایکٹر اور گوادر پورٹ شامل ہیں۔
اس سے قبل وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف نے چین کے ساتھ مختلف منصوبوں اور یادداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں۔
سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق جن دو طرفہ معاہدوں پر دستخط ہوئے ان میں کوئلے کی کان کنی، ہائیڈرو پاور پراجیکٹس، کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے معاہدے، اور شمسی توانائی کے معاہدے شامل ہیں۔
اس کے علاوہ اقتصادی اور فنی تعاون کے معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے ہیں۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ ان دو طرفہ معاہدوں کی مالیت چار ارب ڈالر ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس سے قبل وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کا چین کا دورہ پاکستان میں بجلی کے بحران کو حل کردے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت بجلی کے بحران کو مستقل طور پر حل کرنا چاہتی ہے۔
میاں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان چین معاشی راہداری پراجیکٹ خطے کی قسمت بدل دے گا۔
انھوں نے امید ظاہر کی کہ نئے پراجیکٹس سے ترقیاتی کاموں میں تیزی آئے گی۔
وزیر اعظم ایشیا اور بحرالکاہل اقتصادی تعاون کے اجلاس میں شرکت کے لیے چین گئے ہوئے ہیں اپنے دورے میں رائی کوٹ سے اسلام آباد تک 440 کلومیٹر طویل قراقرم ہائی وے دوم کی تعمیر، کراچی لاہور موٹر وے، حویلیاں ڈرائی پورٹ، کراس بارڈر آپٹیکل فائبر کیبل سمیت دیگر معاہدے بھی کریں گے۔







