ذکی الرحمٰن لکھوی کی نظربندی ختم کرنے کا فیصلہ کالعدم

،تصویر کا ذریعہAP
- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
سپریم کورٹ نے ممبئی حملوں کی سازش تیار کرنے کے مقدمے کے مرکزی ملزم ذکی الرحمٰن لکھوی کی نظر بندی ختم کرنے سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا ہے۔
عدالت کا کہنا ہے کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ عدالت عالیہ نے یہ فیصلہ عجلت میں دیا ہے۔
جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے ذکی الرحمٰن لکھوی کی نظر بندی ختم کرنے کے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف وفاق کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کی سماعت کی۔
سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے کہ اس عدالتی فیصلے کی نقل اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار کو بھجوا دی جائے۔
اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ نے موقف اختیار کیا کہ وفاقی حکومت نے حالات کو دیکھتے ہوئے سوچ بچار کے بعد ذکی الرحمٰن لکھوی کی نظر بندی کے احکامات جاری کیے تھے۔
اُنھوں نے کہا کہ ممبئی حملوں سے متعلق پاکستان کی حکومت اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے اس مقدمے کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں لے گئی جہاں بہت حد تک اس مقدمے کی عدالتی کارروائی مکمل ہوچکی ہے۔
اٹارنی جنرل نے عدالت میں ذکی الرحمٰن لکھوی کی نظر بندی سے متعلق نوٹیفکیشن بھی پیش کیا گیا۔
اس عدالتی فیصلے کے بعد ذکی الرحمٰن لکھوی نظر بندی کی مدت ختم ہونے تک جیل سے باہر نہیں آسکیں گے۔ قانونی ماہرین کے مطابق وفاقی حکومت ملزم کی نظر بندی کی مدت ختم ہونے کے بعد اس میں توسیع بھی کرسکتی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یاد رہے کہ اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت سے ممبئی حملوں کی سازش تیار کرنے کے مقدمے میں ضمانت اور پھر اسلام آباد ہائی کورٹ کی طرف سے ذکی الرحمٰن لکھوی کی نظر بندی ختم کرنے کے بعد ملزم کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا تھا۔
تاہم اسلام آباد پولیس نے اُنھیں ایک شخص کے اغوا کے مقدمے میں دوبارہ گرفتار کرلیا تھا۔ اسلام آباد کی مقامی عدالت میں اس مقدمے میں ضمانت کے لیے درخواست دائر کر رکھی ہے۔







