’بھابھی آ نہیں رہیں بھابھی آگئی ہیں‘

،تصویر کا ذریعہEPA
- مصنف, طاہر عمران
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ شادی کرنا کوئی جرم نہیں اور انسان جب چاہے شادی کر سکتا ہے۔
انھوں نے مزید کہا ہے کہ بچوں سے شادی سے متعلق بات کرنے سے پہلےکوئی فیصلہ نہیں کر سکتا اور شادی سنتِ رسول ہے۔
پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لندن سے واپسی پر اسلام آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے شادی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ کو اسی ہفتے خوشخبری سناؤں گا۔‘
گذشتہ کئی مہینوں سے عمران خان کی شادی پاکستانی سوشل میڈیا کا موضوع بنی ہوئی ہے اُس دن سے قبل سے جب انہوں نے شرماتے ہوئے برسرِ کنٹینر اعلان کیا تھا کہ ’میں چاہتا ہوں جلدی نیا پاکستان بن جائے تاکہ میں شادی کر لوں۔‘
اب نیا پاکستان بننے کا معاملہ تو زیرِ التوا ہے مگر شادی کی افواہیں ہیں کہ جانے کا نام نہیں لے رہیں اور برطانوی اخبار ڈیلی میل کی عمران خان کی شادی سے متعلق خبروں نے اس معاملے کو مزید ہوا دی اور پاکستانی سوشل میڈیا اس خبر پر میدانِ جنگ بنا ہوا ہے۔
اب یہ شادی کس سے ہوئی ہے تو اس حوالے پاکستانی سوشل میڈیا پر ایک نام تسلسل سے لیا جا رہا ہے اور اس وقت پاکستان میں ٹاپ ٹین میں ٹرینڈ کر رہا ہے۔
اور وہ پاکستانی سوشل میڈیا ہی کیا جو اس پر مزاح کا سہارا لے کر مزے نہ لے تو اس کے بعد سلسلہ شروع ہوا فلموں کے ناموں میں شادی کا۔
خاور صدیقی نے ٹویٹ کی کہ’دھرنے والے دلہنیا لے جائیں گے‘ اور اس کے جواب میں ثمن طارق نے ٹویٹ کی’جب پیار کیا تو دھرنا کیا۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وقاص حبیب رانا نے ٹویٹ کی کہ ’جب پی ٹی آئی کے کارکن وزیراعظم ہاؤس اور پی ٹی وی پر دھاوا بول رہے تھے تب خان پر کسی نے قبضہ کر لیا تھا۔‘
اسلام آباد سے محمد وقاص رانا نے ٹویٹ کی ’بھابھی آ نہیں رہیں بھابھی آگئی ہیں۔‘
عدنان عارف راجہ نے ٹویٹ کی کہ’میرے کپتان کی شادی ہے۔‘
مگر اس سب مبارک سلامت کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر پاکستان تحریکِ انصاف کے کارکنوں اور دوسری جماعتوں کے کارکنوں کی جانب سے دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کی خواتین پر کیچڑ اچھالنے کا سلسلہ حسب معمول جاری ہے۔







